کورونااور معیشت کیلئےقومی سطح پرمناسب اقدامات کاعمل تیز کیا جائے:شہبازشریف لندن بیٹھ کرحکومت پرتنقید کرنے لگے

0
40

لندن : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائدحزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ کورونا اور معیشت کے لئے قومی سطح پر مناسب اقدامات کا عمل تیز کیا جائے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدراورقائد حزب اختلاف شہبازشریف کا ملکی معیشت اور کورونا کی یکساں بگڑتی صورتحال پر اظہار تشویش کرتے ہوئےکہا ہے کہ کورونا اور معیشت کے لئے قومی سطح پر مناسب اقدامات کا عمل تیز کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ معیشت اور کورونا کی سامنے آتی صورتحال کے مقابلے میں خامیوں اورشکایات کودور کیا جائے ۔ شہباز شریف نے کہا کہ لاہور اور دیگر علاقوں میں بدستور عوامی ہجوم کی اطلاعات خوفناک ہیں اوراگر متاثرہ مریضوں کی تعداد سینکڑوں میں چلی گئی تو یہ ہمارے لئے مزید خطرے کی گھنٹی ہے۔انہوں نے کہا کہ اقدامات کا وقت سوچ بچار اور بیان بازی میں ضائع کردیا تو بعد میں خدا نہ کرے سرپر ہاتھ رکھ کر رونے سے کچھ نہیں ہوگا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں متاثرہ فوت ہونے والے مریض سے ڈاکٹرکے متاثر ہونے کی اطلاعات کا حکومت سنجیدگی سے نوٹس لے۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کہا کہ ملک بھر میں ڈاکٹرز، طبی عملے کو حفاظتی لباس، ماسک اور ضروری سامان کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں علاج معالجے اورمتاثرہ مریضوں کے علاج کے لئے الگ مقامات کی دستیابی پر سنجیدگی سے فوری غورکیاجائے۔ جبکہ ٹیسٹنگ کٹس کی عدم دستیابی کی اطلاعات کا نوٹس لے کر فوری اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ علامات بتارہی ہیں کہ کورونا کے بعد معاشی جمود مزید سنگین ہورہا ہے۔تیر تُکے چلانے کے بجائے ہوشمندی، جرات اور فوری اقدامات کا رویہ اپنانا چاہیے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مزید ٹیکس لگانا حل نہیں ، اس سے رہی سہی معاشی سانس بھی بند ہوجائے گی ۔رواں مالی سال کی اپریل اور جون کی سہ ماہی میں 300 ارب ٹیکس وصولیوں میں کمی معاشی خطرے کا اعلان ہے۔پہلے ہی رواں مالی سال میں ٹیکس خسارہ 484 ارب ہے، ایف بی آر پہلے ہی اپنا ہدف پورا نہیں کرپایا۔انہوں نے کہا کہ رواں ماہ ٹریژری بلز کی صورت آئی ہاٹ منی کا 1.28ارب ڈالر نکل جانا ہمارے خدشات کی تصدیق ہے۔ٹیکسٹائل کے آرڈر منسوخ ہونے سے مزید مسائل جنم لے رہے ہیں جس کے لئے جامع حکمت عملی درکار ہے۔

شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ ٹیکسٹائل آرڈرز ختم ہونے سے بے روزگاری میں اضافہ ہوگا جس سے پہلے سے خراب صورتحال مزید خراب ہوگی جس کا انتظام کرنا بہت ضروری ہے۔مسلم لیگی رہنما شہبازشریف نے قوم سے اپیل کی کہ احتیاطی طبی ہدایات پر عمل کرکے اپنی اور اپنے ارد گرد لوگوں کی زندگیاں بچانے میں مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے سے مناسب فاصلے پر رہیں، منہ ڈھانپیں، ہاتھ دھوئیں، جراثیم کش محلول استعمال کریں اور میل میلاپ میں احتیاط برتیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پارٹی رہنما، منتخب نمائندے اور کارکنان عوام میں شعور و آگاہی پیدا کرنے میں اپنا موثر کردار ادا کریں۔

Leave a reply