اسلام آباد :عوام پریشان نہ ہوں ، معاشی پیکیج: پیٹرولیم مصنوعات اگلے 3 ماہ میں مزید سستی ہوں گی، مشیر خزانہ نے قوم کوخوشخبری سنادی مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے وزیراعظم کے اعلان کردہ معاشی پیکیج کے حوالے سے کہا ہے کہ سوا کھرب روپے کے پیکیج میں کم آمدنی اور کاروباری افراد کو سہولت دی جائے گی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مزید کم ہوں گی۔
اسلام آباد میں وزیرتجارت رزاق داؤد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر خزانہ نے کہنا کہ ‘ہماری معیشت ایک اچھے انداز میں مسٹحکم ہورہی تھی، پچھلے 8 مہینوں میں برآمدات میں اضافہ ہو اور بیرونی سرمایہ کاری بھی 4 ارب ڈالرز تک پہنچی’۔انہوں نے کہا کہ ‘کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 20 ارب سے کم ہو کر 3 ارب رہ گیا، 4 ہزار ارب کے قرضے بھی ادا کیے گئے اور ادائیگیوں کا توازن بھی مثبت رہا’۔
حفیظ شیخ کا کہنا تھاکہ ‘سرمایہ تاریخ میں کسی بھی 8مہینے میں اتنا جمع نہیں کیا گیا تھا جتنا پچھلے 8 ماہ میں کیا گیا جو پچھلے سال کے مقابلے میں 70 فیصد بڑھ گیا تھا، اسی سے این ایف سی کے ذریعے صوبوں کو پیسے دیے گئے اور اسٹیٹ بینک کے خزانے میں 5 ارب ڈالر اضافہ ہوا’۔انہوں نے کہا کہ ‘پاکستان کی معیشت کے حوالے سے یہ تمام چیزیں مثبت خبر کے طور پر ابھر رہی تھیں، دنیا میں سراہا جارہا تھا کہ پاکستان کی معیشت مضبوط سے مضبوط تر ہوتی جارہی ہے’۔
کوروناوائرس سے معیشت کو پہنچنے والے نقصانات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘کوروناوائرس کے مسئلے سے معیشت پر برے اثرات پڑنے کا خدشہ ہے، کیونکہ وہ ممالک جہاں ہم برآمد کررہے ہیں ان کی معیشت کمزور ہورہی ہے جس سے ہماری برآمدات میں کمی آئے گی’۔
انہوں نے کہا کہ ‘بیرون ملک سے ہمارے ورکر جو پیسے بھیج رہے تھے اس میں پچھلے 4 ماہ سے اضافہ ہورہا ہے جس میں کمی آسکتی ہے، اسی طرح ہمارے ملک میں اقتصادی سرگرمیاں کم ہوں گی اور ٹیکس بھی کمزور ہوگی’۔








