رحیم یار خان( نمائندہ باغی)ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا ہے کہ صوبہ میں کورونا کے مثبت کیسز میں اضافہ کے باعث حکومت پنجاب نے مزید سخت اقدامات اٹھائے ہیں، موجودہ صورتحال اس امر کی متقاضی ہے کہ عوام اپنی سرگرمیاں محدود کرتے ہوئے اس وائرس کے پھیلاﺅ کو سنجیدگی سے لیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی افسران سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ حکومتی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور عوام کو آگہی فراہم کی جائے کہ وہ اشیاءضروریہ اپنے گھروں کی نزدیکی دکانوں سے خریدیں اور بغیر کسی ایمرجنسی کے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو متحرک رکھیں اور ناجائز منافع خوری کے مرتکب دکانداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں ۔انہوں نے اشیاءضروریہ کی ترسیل اور طلب و رسد پر بھی کڑی نظر رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کسی صورت اشیاءروز مرہ کی قیمتوں میں اضافہ اور مصنوعی قلت نہ ہونے دی جائے۔انہوں نے ضلع بھر میں آٹا کی دستیابی اور معیار کو بھی یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے۔

  • Shares: