ملتان میں غیرت کے نام پر 8افراد قتل ،2زخمی ہوگئے،مرکزی ملزم سمیت دوملزمان گرفتار ،ایک فرار
ملتان میں غیرت کے نام پر 8افراد کوقتل کردیا گیاجبکہ 2زخمی ہیں ۔ جاں بحق ہونیوالوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ، 6 افرادجلا کرقتل کیا گیا جبکہ 4 افراد پر فائر نگ کی گئی ان 4افراد میں سے ایک موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ باقی تین کو نشتر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں مزید ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا۔سی پی او ملتان عمران محمود کے مطابق ملزم نے 6افراد کو کمرے میں بند کرکے آگ لگاکر قتل کیا جبکہ 4افراد پرفائرنگ کی۔ ملزم اجمل چند روز قبل سعودی عرب سے واپس آیا تھا ۔ اس کو اپنی بیوی پر شک تھا کہ اس کے کسی اورکے ساتھ ناجائز تعلقات ہیں۔ اس نے اپنے سسرال جاکر اپنی بیوی ، سالیوں اور ساس سمیت گھر میں موجود افراد پرفائرنگ کی اور پھر گھر کو آگ لگا دی۔واقعہ میں ملزم اجمل کی بیوی کرن،ساس تسنیم بی بی،بیٹی مریم، بیٹہ عادل ،سالیاں آصفہ،روما اور صائمہ ،صائمہ کی بیٹی نائمہ جاں بحق ہوگئیں جبکہ صائم اور علی رضا تاحال نشتر ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ سی سی پی او نے کہا کہ ملزم نے اپنے باپ کے ساتھ ملکر گھر والوں کوقتل کیا۔پولیس نےمرکزی ملزم اجمل اوراس کے باپ ظفر کوگرفتار کرلیاہے جبکہ اس کا ایک ملزم بھائی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیاہے ۔قتل کی اس اندوہناک واردات سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا ہے ۔واضح رہے کہ عید کے موقع پرملتان ہی علاقے جلال پر پیر والا میں دیرینہ دشمنی پر ایک ہی خاندان کے 10افراد کوقتل کردیا گیا تھا۔