اسلام آباد :زکوٰۃ سے متعلق اسلامی نظریاتی کونسل اور سپریم کورٹ میں اہم معاملات زیربحثاسلامی نظریاتی کونسل نے زکوٰۃ کی رقم تنخواہ پر خرچ کرنے سے متعلق شرعی رائے سپریم کورٹ میں جمع کرادی ہے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس ازخود نوٹس کیس میں سپریم کورٹ نے ملک میں زکوٰۃ کی تقسیم پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے آڈٹ رپورٹ طلب کی تھی جب کہ زکوٰۃ اور بیت المال کے پیسے ادارے کے ملازمین کی تنخواہوں پر خرچ کرنے سے متعلق اسلامی نظریاتی کونسل سے شرعی رائے مانگی تھی۔

آڈیٹرجنرل کی جانب سے گذشتہ روز زکوٰۃ اور بیت المال بجٹ پر رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی گئی ہے جس میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل نے بھی اپنی رائے اٹارنی جنرل کے ذریعے سپریم کورٹ میں جمع کرائی ہے۔

اسلامی نظریاتی کونسل کے مطابق شرعی طور پر زکوٰۃ فنڈ سے ایک حد تک تنخواہ کی ادائیگی کی جاسکتی ہے لیکن تنخواہ کی ادائیگی سے زکوٰۃ کی تقسیم کا اصل مقصد نظر انداز نہیں ہونا چاہیے اور اس فنڈ سے غیرمناسب انتظامی اخراجات نہیں کرنے چاہئیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے پہلے سے موجود ایک سفارش کی بنیاد پر ہے اور 3 صفحات پر مشتمل ہے۔

Shares: