تین سو کے قریب بھارتی شہریوں کی اگلے ہفتے وطن واپسی کا امکان

بھارتی حکومت نے کورونا وائرس کے باعث بھارت میں مکمل لاک ڈاؤن اور پاک بھارت سرحد اورفضائی و ٹرین راستے بند ہونے کے بعد پاکستان میں پھنسے ہوئے تین سو کے قریب بھارتی شہریوں کو بھارت واپس بلانے کی تیاری کر لی ہے۔نئی دہلی میں بھارتی دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں پاک بھارت واہگہ اٹاری سرحد ایک بار پھر ایک روز کے لئے خصوصی طور پر کھولی جائے گی جہاں سے ان بھارتی شہریوں کی وطن واپسی ممکن ہو سکے گی۔ ذرائع کے مطابق بھارتی شہریوں کی آئندہ ہفتے بھارت واپسی ہو سکتی ہے۔اس سلسلے میں بھارتی ہائی کمیشن کے حکام نے پاکستان کے مختلف شہروں میں مقیم اپنے تمام شہریوں سے رابطے مکمل کر لئے ہیں۔ پاکستان میں پھنسے ان بھارتی شہریوں میں وہ طلبہ و طالبات بھی شامل ہیں جن کے یا تو ویزے ختم ہو چکے ہیں یا پھر ان کی کلاسیں پوری ہو چکی ہیں۔ان میں مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات بھی شامل ہیں۔اس کے علاوہ وہ لوگ بھی شامل ہیں جو اپنے عزیزو اقارب سے ملنے پاکستان پہنچے تھے لیکن لاک ڈاؤن اور سرحدیں بند ہونے کے باعث بھارت واپس نہیں جا سکے۔ نئی دہلی سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن نے ان تمام افراد کی فہرستیں مرتب کر لی ہیں اور اس سلسلے میں نئی دہلی میں وزارت خارجہ کے حکام کو آگاہ کر دیا ہے۔بھارتی دفتر خارجہ اس معاملے میں اسلام آباد میں دفتر خارجہ کو ایک دو روز میں اپنی سفارشات بھیج دے گااوراپنے شہریوں کی واپسی کے لئے واہگہ بارڈرایک روز کے لئے خصوصی طور پر کھولنے کی درخواست کرے گا۔

Comments are closed.