بھاشا ڈیم منصوبہ عملی کام کے لیے کب تیار ، وزیر اعظم کو بریفنگ دے دی گئی
باغی ٹی وی :وزیراعظم عمران خان کو ایک اہم اجلاس میں بریفنگ دی گئی ہے کہ پاکستان میں بھاشا ڈیم منصوبہ عملی کام کے آغاز کیلئے تیار ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت قومی واٹر سیکورٹی سٹریٹجی اور ڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں پانی کے بچاؤ کی قومی حکمت عملی، زراعت اور توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ڈیمز کی تعمیر پر بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزرا فیصل واوڈا، اسد عمر، سینیٹر شبلی فراز، وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور اور معاون خصوصی لیفٹننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، چئیرمین واپڈا اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
وزیراعظم عمران خان کو بھاشا ڈیم کی تعمیر سے متعلق زیر التوا امور کے حل پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر اس اہم منصوبہ سے متعلق امور کو حل کر لیا گیا ہے۔ بھاشا ڈیم منصوبہ عملی کام کے آغاز کے لیے تیار ہے۔اہم بریفنگ میں بتایا گیا کہ دیامر بھاشا ڈیم منصوبہ متعدد وجوہات کی بنا پر کئی دہائیوں سے تعطل کا شکار رہا۔ ڈیم کی تعمیر سے 16500 ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ سیمنٹ اور سٹیل کے بھاری مقدار میں استعمال سے مقامی صنعت کو فروغ ملے گا۔
وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیم سے 4500 میگاواٹ سستی بجلی پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ ملک میں پانی کی موجودہ قلت کو کم کیا جا سکے گا۔ 1.23 ملین ایکڑ اراضی کو زراعت کیلئے استعمال میں لایا جائے گا۔ ڈیم کے آس پاس کے علاقے کی سماجی ترقی کے لئے 78.5 بلین خرچ ہوں گے جبکہ ہر سال سیلاب سے ہونے والے اربوں روپے مالیت کے نقصانات سے بچنے میں بھی مدد ملے گی.
اس سے پہلے قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی(ایکنک) نے 175 ارب روپے سے زائد کے دیامر بھاشا ڈیم کی اصولی منظوری دی گئی تھی. مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کی زیر صدارت ایکنک کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران 250 ارب روپے سےزائد مالیت کے 4 میگا پراجیکٹس کی منظوری دیدی گئی۔مشیر خزانہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کے دوران قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی(ایکنک) نے 175 ارب سے زائد کے دیامر بھاشا ڈیم کی اصولی منظوری دیدی
اجلاس کے دوران 12.43 ارب کے لودھراں ملتان 62 کلومیٹر طویل دو رویہ سڑک منصوبے کی منظوری دی گئی، لودھراں ملتان این 5 سیکشن میں 2 فلائی اوور، 2 انٹر چینج اور 4 چھوٹے پل شامل ہیں۔اجلاس کے دوران پنجاب کے 11 کم ترقی یافتہ اضلاع میں 32ارب سے ہیومن کیپٹل انوسٹمنٹ منصوبہ بھی منظور کیا گیا ہے