کس کی ہوگی تنزلی اور کس کو ملے گی ترقی ، سینٹرل کنٹریکٹ میں قومی کرکٹرز کے نام فائنل
کس کی ہوگی تنزلی اور کس کو ملے گی ترقی ، سینٹرل کنٹریکٹ میں قومی کرکٹرز کے نام فائنل
باغی ٹی وی : سینٹرل کنٹریکٹ میں قومی کرکٹرز کے نام فائنل ہو گئے، چیئرمین احسان مانی کی منظوری سے آج ناموں کا اعلان کیا جائے گا، اظہر علی کی ترقی، سرفراز احمد کی تنزلی اور فاسٹ بولر محمد عامر، حسن علی اور عثمان شنواری کی چھٹی کا امکان ہے، حارث رؤف اور نسیم شاہ کی انٹری ہو سکتی ہے۔
لاک ڈاؤن میں پی سی بی کے قومی کرکٹرز کے لیے بڑے فیصلے، ہیڈ کوچ مصباح الحق کی لسٹ جمع ہو گئی، چیئرمین احسان مانی کی حتمی منظوری کے بعد سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان آج ہو گا۔
کھلاڑیوں کی تعداد انیس یا بیس رکھنے اور تین ہی کیٹگریز پر مکمل اتفاق، کٹوتیوں کے بجائے اضافے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کپتانی اور نمائندگی سے محرومی کے بعد سرفراز احمد اے کیٹگری سے بھی آؤٹ جبکہ اظہر علی ان کی جگہ لے سکتے ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ سے معذرت پر وہاب ریاض بی سے سی کیٹگری میں تنزلی ہو سکتی ہے، سی کیٹگری میں موجود محمد عامر کو طویل دورانیے کی کرکٹ سے دوری کی سزا مل سکتی ہے، فٹنس مسائل سے دو چار حسن علی اور عثمان شینواری کی چھٹی جبکہ نوجوان بولر محمد حسنین، حارث رؤف اور نسیم شاہ کا نام شامل کیے جانے کا امکان ہے
واضح رہے کہ اس سے پہلے کرکٹرز کو آن لائن کوچنگ دینے کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا. سابق کرکٹرز کی جانب سے27 اپریل سے شروع ہونے والا یہ سلسلہ 9 مئی کو اختتام پذیر ہوا، جہاں ماضی میں پاکستان کوشاندار فتوحات دلانے والے معروف کھلاڑیوں جاوید میانداد، وسیم اکرم، راشد لطیف، مشتاق احمد، معین خان، یونس خان، محمد یوسف اور شعیب اختر نے خصوصی شرکت کی۔
لاک ڈاؤن کے سبب سابق کرکٹرز نے آن لائن سیشنز کے ذریعے موجودہ اور ایمرجنگ کرکٹرز کو کارکردگی نکھارنے اور صلاحیتوں کے بھرپور اظہار کےمفید گُر سیکھائیں۔ اس دوران ماضی کے عظیم کرکٹرز نے شرکاء کو اپنے کیرئیر کے اتار چڑھاؤ کی کہانیاں سنانے کے ساتھ ساتھ انہیں کھیل میں نظم و ضبط،سخت محنت، خوداعتمادی اور یقین محکم کا جذبہ اپنانے کی ہدایت کی۔