باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق راولپنڈی میں یوم علی کرم اللہ وجہہ کا جلوس نکالنے پر 100 سے زائد افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا
ملک بھر میں حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا یومِ شہادت آج منایا جارہا ہے۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں کوروناوائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کسی بھی قسم کے اجتماع پر حکومتی پابندیاں عائد ہیں۔
گزشتہ روز پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے بھر میں یوم علی کرم اللہ وجہہ کے جلوسوں پر پابندی عائد کی گئی۔ حکومتی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے صوبے بھر میں یوم علی کی مناسبت سے جلوس و مجالس عزا منعقد کی گئیں۔ راولپنڈی میں یومِ علی کرم اللہ وجہہ کا جلوس تھانہ رتہ امرال کے علاقے کوچہ شیعاں سے برآمد ہوا اور امام بارگاہ کرنل مقبول پر اختتام پذیر ہوا۔
حکومتی ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے جلوس کے شرکاء پر سینی ٹائزر سپرے بھی کیا گیا۔ جبکہ جلوس میں شامل ہونے والے ہر فرد کے ہاتھ سینی ٹائز کئے گئے۔
دوسری جانب راولپنڈی میں یوم علی کرم اللہ وجہہ کا جلوس نکالنے پر 100 سے زائد افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تھانہ رتہ امرال پولیس کی جانب سے جلوس کے بانی ملک الیاس بھولا، شوکت جعفری، جرار حسین اور مولانا اکبر جعفری سمیت 100 سے زائد افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔