پینشنز بینک اکاونٹس میں بھیج کر ادا کر دی گئی

0
59

اکاونٹنٹ جنرل خیبر پختونخوا کی طرف سے نئے پنشنرز کیلئے سہولت، عبوری ماہانہ متوقع پنشن جاری کر دی گئی۔ پنشن کی رقم پنشنرز کے بنک اکاونٹس میں بھیج دی گئی۔ اکاونٹنٹ جنرل خیبر پختونخوا نے فنانس ڈیپارٹمنٹ کے تعاون اور منظوری سے ریٹائر ہونے والے سرکاری ملازمین کیلئے متوقع ماہانہ پنشن کی ادائیگی کا اجراء کر دیا ہے۔ ایڈوانس پنشن سرکاری ملازمین کی ریٹائزمنٹ کے فوری بعد ان کی ماہانہ تنخواہ کے بند ہونے اور ان کے پنشن کیس کی اے جی آفس میں آنے، اس کی چھان بین، منظوری اور ادائیگی تک کے عرصہ میں تنخوا اور پنشن کا عبوری حل پیش کرنا ہے۔ ریٹائر ہونے والے پنشنر کو آخری بنیادی تنخواہ کاپینسٹھ فیصد عبوری پنشن کے طور پر دیا جائے گا۔ پنشن قوانین کے مطابق حتمی پنشن کے تعین کے بعد اس عبور ی ادا شدہ پنشن کو اس میں سے منہا کیا جائے گا۔ اکاوٗنٹنٹ جنرل خیبر پختونخوا کی طرف سے نئے پنشنرز کیلئے فراہم کی جانے والی اس نئی سہولت کا مقصد پنشنرز کی مالی پریشانیوں میں کمی لانا ہے۔ یہ پنشن بائیس سو خاندانوں کیلئے صحیح معنوں میں عید کی نوید ثابت ہو گی۔ ہائی کورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں صوبہ بھر میں ریٹائر ہونے والے تقریباً بائیس سو ملازمین کی متوقع پنشن ان کے بنک اکاونٹس میں بھیج دی گئی ہے۔ تمام پنشنرز اپنا نام اکاوٗنٹنٹ جنرل خیبر پختونخوا کی ویب سائٹ پر موجود ضلع وار فہرستوں میں دیکھ سکتے ہیں۔ اے جی آفس کی پریس ریلز میں واضح کیا گیا ہے کہ متوقع ماہانہ پنشن کی ادائیگی ایک خالصتاً عبوری انتظام ہے ۔ اکاونٹس آفس میں پنشنر کے متعلقہ محکمہ سے مکمل پنشن کیس کے آنے تک یا زیادہ سے زیادہ ایک سال کی مدت کیلئے ہے۔ موجودہ پنشن رولز کے مطابق اس کا کوئی اثر کموٹیشن یا حتمی پنشن پر نہیں پڑیگا۔ اس سہولت سے استفادہ کیلئے پنشنر کو نہ کسی اکاوٗنٹس آفس جانے کی ضرورت ہے نہ کسی سفارش کی۔ مستقبل میں بھی ریٹائر ہونے والے تمام پنشنرز کو یہ سہولت کمپیوٹرائزد سسٹم کی بدولت حاصل رہے گی۔ پنشنرز ماہانہ متوقع پنشن کی بنک اکاونٹ میں ٹرانسفر کی تصدیق اور رقم نکالنے کیلئے اپنے بنکوں سے رابطہ کریں۔

Leave a reply