لاہور :ممتاز ماھر تعلیم ، بزرگ عالم دین ،مرکزی جمعیت اھل حدیث پنجاب کے سابق امیر ، سابق ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشنز ( کالجز)حکومت پنجاب ، وفاق المدارس السلفیہ پاکستان کے کنٹرولر امتحانات ، مولانا پروفیسر عبدالرحمن لدھیانوی ، ایک مختصر علالت کے بعد لاہور میں انتقال کرگئے ہیں.

پروفیسر عبدالرحمٰن لدھیانوی کی نماز جنازہ لاہور میں ادا کی جائیگی بعدازاں انہیں علاقہ ماچھی وال ضلع وہاڑی میں سپردخاک کیا جائے گا. پروفیسر عبدالرحمان لدھیانوی 30 مارچ 1945 میں ہندوستانی پنجاب کے علاقہ لدھیانہ کی تحصیل سمرالا میں پیدا ہوئے. تقسیم ہند کے وقت ان کی عمر دو سال ساڑھے چار ماہ تھی

, تقسیم ہند کے دوران ان کا خاندان بھی ہجرت کرکے ضلع وہاڑی کے علاقے بورے والا میں آبسا. پرائمری سے میٹرک تک تعلیم گورنمنٹ ہائی سکول بورے والا میں ہی حاصل کی. بعدازاں دینی تعلیم کے لئے جامعہ سلفیہ لائل پور (فیصل آباد) تشریف لے آئے ,اس کے بعد صرف و نحو کی تعلیم کے لئے رینالہ خورد اوکاڑہ چلے گئے.

اس کے بعد لاہور دارالعلوم تقویۃ الایمان میں چلے گئے یہیں سے انہوں نے درس نظامی کی تعلیم مکمل کی. اسی دوران پروفیسر عبدالرحمان لدھیانوی نے ایف اے بھی مکمل کرلیا اور بعدازاں گورنمنٹ کالج لاہور سے بی اے کرنے بعد اورنٹیئل کالج لاہور سے ایم اے عربی کی ڈگری حاصل کی اور اس کے بعد لیکچرار تعینات ہوگئے. پروفیسر عبدالرحمان لدھیانوی تعلیمی شعبے میں مختلف سرکاری عہدوں پر فائز رہے.

ریٹائرمنٹ کے بعد مرکزی جمعیت اہلحدیث صوبہ پنجاب کے امیر منتخب ہوئے بعد میں اس عہدے سے سبکدوش ہوکر وفاق المدارس سلفیہ سے منسلک ہوگئے اور اب تک وفاق المدارس سلفیہ سے بطور ناظم امتحانات ذمہ داری نبھا رہے تھے ,پروفیسر عبدالرحمان لدھیانوی کی وفات پر امیر مرکزی جمعیۃ اہلحدیث سینیٹر ساجد میر, سینیٹر حافظ عبدالکریم, مولانا مسعود عالم, ناظم اعلیٰ وفاق المدارس سلفیہ مولانا یاسین ظفر, علامہ ابتسام الٰہی ظہیر, علامہ ہشام الہی ظہیر, ابو یحییٰ نور پوری سمیت دیگر علماء و دینی شخصیات نے ان کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا.

Shares: