عالمی ادارہ صحت نے پاکستان میں‌ کرونا کے حوالے سے خطرے کی گھنٹی بجا دی

باغی ٹی وی رپورٹ کے مطابق ڈبلیو ایچ او نے کورونا کے بڑھتے مریضوں اور اموات پر خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ انہوں نے خط میں کہا ہے کہ کورونا کی وبا پاکستان کے تمام اضلاع میں پہنچ چکی ہے، لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا۔

عالمی ادارہ صحت نے پنجاب حکومت کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا کہ پاکستان میں کورونا کا پہلا مریض رواں سال 26 فروری کو سامنے آیا، پاکستان کے بڑے شہروں میں کورونا وبا کے کیسز بڑی تعداد میں ہیں، ڈبلیو ایچ او تجویز کرتا ہے کہ پاکستان تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرے، پاکستان قرنطینہ، آئسولیشن، سماجی فاصلے اور کانٹیکٹ ٹریسنگ کے اقدامات اٹھائے۔

خط کے متن میں کہا گیا کہ پاکستان کیلئے یومیہ 50 ہزار ٹیسٹ کی اہلیت اختیار کرنا بے حد ضروری ہے، لاک ڈاؤن ختم کرنے سے پہلے حکومتوں کا 6 شرائط کا پورا کرنا ضروری ہے، لاک ڈان کے خاتمے سے قبل حکومت یقینی بنائے کہ ملک میں وبا مکمل کنٹرول میں ہے، ہیلتھ سسٹم ہر کیس کی تشخیص، ٹیسٹ، آئیسولیشن، علاج اور ٹریس کرنے کا اہل ہو، حکومت یقینی بنائے کہ ہاٹ سپاٹ رسکس کم سے کم ہوں۔عالمی ادارہ صحت کی جانب سے لکھے گئے خط میں مزید کہا گیا کہ پاکستان اسوقت لاک ڈاؤن کے خاتمے کی کسی معیار پر بھی پورا نہیں اترتا، پاکستان کورونا سے متاثر 10 سرفہرست ممالک میں شامل ہے، عالمی ادارہ صحت کی تجویز ہے کہ پاکستان 2 ہفتے لاک ڈاؤن، 2 ہفتے نرمی کی پالیسی اختیار کرے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 646 نئے مریض سامنے آئے، پنجاب میں 40 ہزار 819، سندھ میں 39 ہزار 555، خیبر پختونخوا میں 14 ہزار 6، بلوچستان میں 6 ہزار 788، گلگت بلتستان میں 952، اسلام آباد میں 5 ہزار 785 جبکہ آزاد کشمیر میں 412 مریض ہیں

پاکستان میں اب تک 7 لاکھ 30 ہزار 453 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 24 ہزار 620 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 35 ہزار 18 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں.

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 105 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد وائرس سے وفات پا جانے والوں کی تعداد 2 ہزار 172 ہوگئی۔ سندھ میں 679، پنجاب میں 773، خیبر پختونخوا میں 587، اسلام آباد میں 52، گلگت بلتستان میں 14، بلوچستان میں 58 اور آزاد کشمیر میں 9 مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں

Shares: