کرونا کے سب سے زیادہ کیسز میں بھارت چوتھے نمبر پر آگیا
باغی ٹی وی رپورٹ کےمطابق بھارت میں کرونا کیسز کا تیزی سے اضافہ ، دنیا کے ممالک میں بھارت کا چوٹھے نمبر پر آگیا . اب صرف روس، برازیل اور امریکا ہی کووڈ 19 سے متاثرین کے معاملے میں بھارت سے آگے ہیں، جہاں متاثرین کی تعداد بالترتیب 4.93 لاکھ، 7.72 لاکھ اور 20 لاکھ سے زیادہ ہے۔
بھارتی وزارت صحت کی طرف سے جاری تازہ اعدادو شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد دو لاکھ 97 ہزار 711 ہوچکی ہے جبکہ اب تک آٹھ ہزار 502 افراد اس بیماری سے ہلاک ہوچکے ہیں۔
بھارت میں اس مہلک وبا میں گزشتہ 24 مئی سے، جب یہ چوٹی کے دس سب سے زیادہ متاثرہ ملکوں میں شامل ہواتھا، غیر معمولی طورپر اضافہ ہوگیا ہے۔ چوتھے سب سے زیادہ متاثرہ ملک بننے میں اسے صرف 18 دن لگے۔ اس دوران اس نے اٹلی، اسپین اور جرمنی کو پیچھے چھوڑ دیا۔
بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں یہ زبردست اضافہ دنیا کے سب سے بڑے لاک ڈاون کے نفاذ کے باوجود ہوا ہے۔ 25 مارچ کو جب لاک ڈاون نافذ کیا گیا تھا اس وقت ملک بھر میں متاثرین کی تعداد 500 کے قریب تھی اور محض دس افراد ہلاک ہوئے تھے۔ لیکن پچھلے ایک ہفتے سے زیادہ عرصے میں ہر روز نو ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے اور اب یہ تعداد یومیہ دس ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔