لاہور:شہباز شریف نے بجٹ کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا،اطلاعات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے عوام دشمن قرار دیتے ہوئے وفاقی بجٹ مسترد کردیا ہے۔
میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے بجٹ سے ملک کی رہی سہی معاشی سانسیں بھی رک جائیں گی کیونکہ یہ بجٹ نہیں تباہی کا نسخہ ہے۔
شہباز شریف نے آج پیش ہونے والے بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ غریب کش بجٹ ہے، اس کے نتیجے میں مہنگائی اور بیروزگاری میں مزید اضافہ ہوگا، مہنگائی، بیروزگاری، کاروباری بدحالی نے تاریخی ریکارڈ قائم کردئیے ہیں۔
قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ بجٹ اعلانات سے ثابت ہوا کہ حکومت اصلاح احوال اور دانشمندی کی راہ اپنانے کو تیار نہیں ہے جبکہ ٹیکس ریونیو کا 1.7 ٹریلین ارب کا تاریخی خسارہ موجودہ حکومت کی کارکردگی ہے۔
ان کا کہنا یہ تھا کہ 68 سال میں پہلی بار ملکی جی ڈی پی منفی میں ہوچکی ہے، یہ ہے موجودہ حکومت کی کارکردگی؟ رواں سال 10 فیصد مالی خسارہ ملکی معیشت اور بجٹ کے اگلے پچھلے سب ریکارڈ توڑ دے گا۔
انہوں نے بتایا کہ تاریخ میں یہ فسکل خسارہ کبھی دوہندسوں میں نہیں رہا، پہلی بار موجودہ حکومت نے یہ کام کر دکھایا ہے۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجٹ اور اس کے اہداف غیرحقیقی ہیں اس سے مسائل اور عوامی مشکلات مزید بڑھ جانے کا خدشہ ہے، غیرحقیقی بجٹ اہداف سے حکومت ساکھ کھوچکی ہے ، پہلے اہداف پورے نہیں ہوئے اور نئے کے حصول میں میلوں کا فرق ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پہلی حکومت ہے جو ٹیکس ریونیو، حکومتی اخراجات، مالیاتی خسارہ اور جی ڈی پی کے اپنے مقرر کردہ اہداف بھی حاصل نہیں کرپائی ہے اور صرف اتنا ہی نہیں بلکہ سی پیک روک دیاگیا، بلوچستان کو نظرانداز کیاگیا ہے۔








