فلمی دنیا کا سب سے معتبر ایوارڈ ‘آسکر’ 2 ماہ کے لئے موخر کر دیاہے-
باغی ٹی وی : اطلاعات کے مطابق ‘آسکر’ ایوارڈ دینے والے ادارے دی اکیڈمی آف موشن پکچرز آرٹس اینڈ سائنس اور اے بی سی ٹیلی وژن نیٹ ورک نے کورونا کی وبا کے باعث ‘آسکر’ ایوارڈز کی تقریب کو 2 ماہ کے لئے موخر کر دیا –
یہ پہلا موقع ہے کہ آسکر ایوارڈز کی تقریب کسی بیماری کے باعث منسوخ کی گئی ہے، تاہم اس سے قبل بھی کم از کم تین مواقع پر آسکر ایوارڈز کی تقریب ملتوی یا منسوخ کی جا چکی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ آسکر اکیڈمی اور اے بی سی ٹیلی وژن نیٹ ورک انتظامیہ نے تصدیق کردی کہ 93 ویں ‘آسکر’ ایوارڈز کی تقریب فروری کے آخر میں منعقد ہونا تھی، تاہم اب اسے 25 اپریل 2021 کو منعقد کیا جائے گا-
اکیڈمی کے بورڈ آف گورنرز کے مطابق میوزیم آف موشن پکچرز کا افتتاح بھی دسمبر 2020 کے بجائے اب 30 اپریل 2021 تک مؤخر کردیا گیا، اب ممکنہ طور پر میوزیم کا افتتاح آئندہ سال ہی ہوگا۔
علاوہ ازیں اکیڈمی نے فلموں کی نامزدگی کی تاریخ بھی بڑھاتے ہوئے وضاحت کی کہ اب نامزدگیوں کا اعلان 15 مارچ کو کیا جائے گا جب کہ اکیڈمی 15 اپریل تک نامزد ہونے والی فلموں کی حتمی فہرست جاری کردے گی۔
فلموں کی نامزدگی کی فہرست جاری کرنے کے 10دن بعد 25 اپریل 2021 کو لاس اینجلس میں 93 ویں ایوارڈز کی تقریب منعقد ہوگی-
خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث جہاں دنیا بھر میں سینما گھر بند کرکے فلموں کی شوٹنگ منسوخ کردی گئی اور فلموں کی ریلیز کو روک دیا گیا، وہیں اس کے باعث کانز فلم فیسٹیول سمیت دیگر فلمی تقریبات اور ثقافتی سرگرمیوں کو بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لاک ڈاؤن نافذ کئے جانے کی وجہ سے جہاں گزشتہ چند ماہ سے دنیا میں فلموں کی نمائش نہیں ہو رہی، وہیں آسکر نے بھی رواں برس مارچ میں اپنے قواعدو ضوابط میں ترامیم کرتے ہوئے ان فلموں کو بھی ایوارڈ کے لیے نامزد کرنے کا اعلان کیا تھا جنہیں کورونا کے باعث ریلیز نہیں کیا جا سکا۔
فریال محمود اور گوہر رشید جلد کورونا وائرس کے پس منظر پر بننے والی فلم ’لاک ڈاؤن ‘ میں نظر آئیں گے