بیجنگ ایک دن میں 10 لاکھ افراد کا کورونا ٹیسٹ کرسکتا ہے، چینی حکام کے اس دعوے نے دنیا کوحیران کردیا

بیجنگ:بیجنگ ایک دن میں 10 لاکھ افراد کا کورونا ٹیسٹ کرسکتا ہے، چینی حکام کے اس دعوے نے دنیا کوحیران کردیا،اطلاعات کے مطابق چینی حکام نے کہا ہے کہ دارالحکومت بیجنگ میں روزانہ تقریباً 10 لاکھ افراد کا کورونا ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت ہے جبکہ وبا کو روکنے کے لیے شہر بھر میں ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔

خبرایجنسی رائٹرز کے مطابق حکومتی عہدیدار کا کہنا تھا کہ بیجنگ میں بڑے پیمانے پر ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت ہے۔خیال رہے کہ بیجنگ میں ایک ہفتہ قبل سبزی کی مارکیٹ میں کورونا وائرس کی دوبارہ موجودگی کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد شہر کے 2 کروڑ افراد کے ٹیسٹ کی مہم شروع کردی گئی ہے۔

بیجنگ میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور فروری میں سامنے آنے والے روزانہ کیسز کے مقابلے میں بھی تعداد زیادہ ہوگئی ہے۔رپورٹ کے مطابق حکام نے ابتدائی طور سنگفادی مارکیٹ کی دکانوں میں کام کرنے والے یا قریب رہنے والے شہریوں کے ٹیسٹ پر توجہ مرکوز کردی تھی لیکن اس کو شہر کے دیگر علاقوں تک پھیلا دیا گیا ہے۔

بیجنگ کی انتظامیہ نے سبزی اور غذائی اشیا پہنچانے والے کمپنیوں کے ملازمین کے ٹیسٹ بھی شروع کردیے ہیں۔بیجنگ ہیلتھ کمیشن کے ترجمان گاؤ شیاؤجن کا کہنا تھا کہ جب سے نئی لہر آئی ہے ٹیسٹ کا عمل دوگنا کردیا گیا ہے اور 124 مختلف ادارے روزانہ 2 لاکھ 30 ہزار سے زائد ٹیسٹ کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کے لیے کئی افراد کے نمونے ایک ٹیوب میں حاصل کیے جاتے ہیں، جس کے مطابق شہر میں روزانہ تقریباً 10 لاکھ افراد کا ٹیسٹ کیا جاسکتا ہے۔

قبل ازیں چینی حکام نے ووہان میں بھی گزشتہ ماہ اسی طرح بڑے پیمانے پر ٹیسٹ کیے تھے جہاں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔

گاؤ شیاؤجن کا کہنا تھا کہ ہوبے اور لیاؤننگ سمیت صوبوں نے تقریباً 200 شہریوں کو بیجنگ بھیج دیا ہے تاکہ لیبارٹریوں میں عملے کی تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ ٹیسٹ کی صلاحیت میں اضافے میں مدد کی جائے۔

چین کے شہر ووہان میں گزشتہ برس دسمبر میں کورونا وائرس سامنے آیا تھا جس کے بعد حکومت نے سخت لاک ڈاؤن کیا تھا اور شہریوں کو باہر جانے پر پابندی عائد کردی تھی۔

سخت بندشوں اور مؤثر اقدامات کے نتیجے میں چینی حکام نے وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پالیا تھا لیکن دنیا کے دیگر ممالک میں وائرس نے بدترین تباہی پھیلا دی۔

امریکا اب تک سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں 23 لاکھ 32 ہزار 56 کیسز ہیں جبکہ ایک لاکھ 22 ہزار20 متاثرین لقمہ اجل بن گئے۔

برازیل میں 10 لاکھ 70 ہزار 139 افراد وبا کا شکار ہوئے اور 50 ہزار 58 اموات ہوئیں جس کے بعد روس کا نمبر آتا ہے جہاں 5 لاکھ 84 ہزار 680 شہری متاثر ہوئے اور 8 ہزار 11 ہلاک ہوئے۔

دنیا بھر میں اس وقت کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 89 لاکھ 55 ہزار 132 ہے جبکہ 4 لاکھ 64 ہزار 484 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

Comments are closed.