اسلام آباد:پٹرول کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث کمپنیوں کیخلاف کارروائی روکنے کی درخواست مسترد،چینی مافیا کے بعد پٹرول مافیا کی شامت آگئی،اطلاعات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے پٹرول کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث کمپنیوں کے خلاف کارروائی روکنے کی درخواست مسترد کر دی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئل کمپنیوں کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا جس میں کہا گیا ہے کہ ایگزیکٹو کو ذمہ داروں کے تعین کی انکوائری سے نہیں روکا جاسکتا۔ عدالت نے پٹرول کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث کمپنیوں کے خلاف کارروائی روکنے اور آئل کمپنیوں کی حکم امتناع جاری کرنے کی درخواست بھی مسترد کر دی۔

فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی بحران پر انکوائری سے درخواست گزاروں کے بنیادی حقوق متاثر نہیں ہوتے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے پیٹرول بحران انکوائری پر بھی فریقین کو غیرضروری بیانات سے روک دیا۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے چینی مافیا نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے ریلیف لینے کی کوشش کی اوردرخواست کی تھی کہ حکومت کو چینی مافیا کے خلاف قانونی کارروائی سے روکا جائے جسے ہائی کورٹ نے مسترد کردیا تھا

Shares: