بائیو میٹرک حاضری کورونا کے پھیلاؤ کا باعث ہے ، پی ایم اے

سرگودھا(عمیر ضیاء)پی ایم اے سرگودھا اور پرائیویٹ ہسپتال ایسوسی ایشن سرگودھا کے مشترکہ اجلاس میں محکمہ صحت کی طرف سے بائیو میٹرک حاضری لگانے پر شدید احتجاج کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سکندر حیات وڑائچ‘ ڈاکٹر فواد حسین‘ ڈاکٹر غلام حسین فیضی‘ ڈاکٹر محمد آصف چوہدری‘ ڈاکٹر ناصر اقبال میکن‘ ڈاکٹر محمد افضل وڑائچ‘ ڈاکٹر وقار معظم بھٹی اور ڈاکٹر محمد اقبال سمیع نے کہا کہ پوری دنیا سمیت پاکستان کرونا کی وبائی مرض میں مبتلاءہے اور ڈاکٹرز اپنی جانوں کے نذرانہ پیش کرکے مریضوں کے علاج معالجے میں مصروف ہیں۔ جبکہ سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری کی طرف سے بائیو میٹرک حاضری لگانے کا مقصد یہ ہے کہ اس وباءکو مزید پھیلایا جائے۔ جو کہ ایک انتہائی ناقابل فہم بات ہے۔ ان رہنماﺅں نے مزید کہا کہ عقل تسلیم نہیں کرتی کہ ایک طرف تو سمارٹ لاک ڈاﺅن‘ سماجی فاصلہ‘ ہاتھوں کو بار بار دھونا‘ جیسی احتیاطی تدابیر کے بارے میں حکومت وقت واویلا کر رہی ہے دوسری طرف ڈاکٹرز‘ نرسز و پیرا میڈیکل سٹاف کو بائیو میٹرک حاضری لگا کر کرونا جیسے موذی مرض کو بڑھانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ ان رہنماﺅں نے مزید کہا کہ پنجاب کے کسی بھی دوسرے ڈیپارٹمنٹ میں یہ حاضری ابھی شروع نہیں ہوئی۔ حتیٰ کہ سیکرٹریٹ و دیگر اعلیٰ افسران کے دفاتر میں لوگوں کا داخلہ ممنوع ہے۔ جبکہ ڈاکٹرز‘ نرسز و پیرا میڈیکل سٹاف ہسپتالوں میں اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اس اجلاس میں متفقہ طور پر ایک قرار داد کے ذریعے وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیر صحت پنجاب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ سیکرٹری صحت کی طرف سے یہ آرڈرز فوراً واپس لئے جائیں ورنہ سرگودھا سمیت پنجاب بھر کے ڈاکٹرز احتجاج سمیت ہر قسم کی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

Tagsbaaghi

Comments are closed.