کراچی :قربانی کی کھالیں اکھٹی کرنےکےحوالے سے علما ایکشن کمیٹی کی کمشنرکراچی سے اہم ملاقات ،اطلاعات کے مطابق جامعہ عثمانیہ شیرشاہ کے مہتمم قاری محمد عثمان کی قیادت میں علماء ایکشن کمیٹی کے وفد کی کمشنر کراچی افتخار شالوانی سے کمشنر آفس میں دینی مدارس کیلئے چرم قربانی کے اجازت نامے اور ضابطہ اخلاق، اجتماعی قربانی کے حوالے سے ملاقات۔

باغی ٹی وی کے مطابق وفد میں جامعہ مخزن العلوم کے صدر ڈاکٹر قاسم محمود، جامعہ عثمانیہ لانڈھی کے مہتمم مولانا اقبال اللہ، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مولانا کلیم اللہ، مولانا سید زکریا شاہ اور دیگر علماء موجود تھے۔قاری محمد عثمان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سالوں کی طرح جن مدارس کو کمشنر کراچی کے دفتر اور ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر سے چرم قربانی کے اجازت نامے جاری کئے جاتے تھے اسی ترتیب سے اب بھی جاری کئے جائیں۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ مدارس دینیہ کیلئے چرم قربانی جمع کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں پیدا کی جائے گی۔ مدارس دینیہ تمام تر احتیاطی تدابیر کا لحاظ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دینی مدارس نے موجودہ صورتحال میں سب سے زیادہ ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے۔ ملک بھر میں اجتماعی قربانی کا سب سے بہتر نظام دینی مدارس کے پاس ہے۔ دینی مدارس میں ایس او پیز کی مکمل رعایت کرتے ہوئے حسب سابق اجتماعی قربانی کی جائے گی۔

کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ امسال حسب سابق مدارس کو اجازت نامے جاری کئے جائیں گے، کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ہوگی۔ دینی مدارس کے ذمہ داران اجازت ناموں کے حصول کیلئے کمشنر آفس اور متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر سے رجوع کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہل مدارس اور علماء کے تعاون کے بغیر ہمارے اقدامات کارگر نہیں ہوسکتے۔ ہمیں آپکا تعاون اور ساتھ درکار ہوگا۔

کمشنر کراچی نے کہا کہ امسال مدارس دینیہ احتیاطی تدابیر کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اجتماعی قربانی بھی کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آن لائن اجتماعی قربانی کا طریقہ کار بھی متعارف کرایا جارہا ہے۔ کئی رفاہی تنظیموں سے رابطہ ہے۔قاری محمد عثمان نے کہاکہ دینی مدارس کے پاس اجتماعی قربانی کے انتہائی معقول اور منظم انتظامات ہوتے ہیں۔اب کی بار احتیاطی تدابیر اختیار کرکے قابل تقلید اقدامات صرف دینی مدارس ہی کرسکتے ہیں۔

Shares: