اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ این سی او سی نے جن مشکل حالات میں کام کیا قوم کو اس پر فخر ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہ ملک میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے بہترین نتائج مل رہے ہیں۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں کورونا کی صورت حال پر اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء، معاونین خصوصی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت اعلٰی عسکری حکام بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) اور محکمہ صحت کے حکام نے کورونا کی تازہ صورت حال پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیراعظم کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی 100 روزہ کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی گئی جس پر وزیراعظم نے این سی او سی کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم کو ملک میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے نتائج پر بھی بریفنگ دی گئی، جس پر ان کا کہنا تھا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن کے بہترین نتائج موصول ہو رہے ہیں۔
دوسری طرف نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی)کے خدمت اور قومی کاوش کے 100دن مکمل ہوگئے، این سی و سی نے اِن100دِنوں میں قومی یکجہتی اور وَبا سے نمٹنے کے لئے دِن رات بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے اور معیشت کو بحال رکھنے کی حکمت عملی وضع کی۔
این سی او سی کے مطابق الحمدللہ آج ملک میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد مثبت کیسز سے زیادہ ہوچکی ہے۔ ملک بھر میں ایک لاکھ 25ہزار 94 کورونا مریض مکمل صحت یاب ہوچکے ہیں۔








