باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان کی پتنگ بازی روکنے کیلئے اہم کاوش سامنے آ گئی
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق مخصوص نائیلون تار پر پابندی، سخت قانون وسزاوں سمیت قابل عمل تجاویز اعلٰی پولیس حکام کو بجھوا دیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان کا کہنا ہے کہ پتنگ کی ڈور سے حادثات و اموات کے کیسز میں نائیلون کا مخصوص دھاگہ استعمال ہوا۔نائیلون کا مخصوص دھاگہ ٹیکسٹائل انڈسٹری میں زیر استعمال نہیں بلکہ پتنگ بازی کیلئے ڈورمیں استعمال ہو رہا ہے۔ درامد پر پابندی کیلئے ایف بی آر سمیت متعلقہ اداروں سے مشاورت جاری ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان کا مزید کہنا تھا کہ پتنگ بازی ایکٹ کے حوالے سے موجودہ قانون میں ترمیم بھی اشدضروری ہے۔ پتنگ بازی،پتنگ فروشی اور مینو فیکچرنگ پر ایک جیسا قانون لاگو ہونے سے بیشترملزمان سزا سے بچ جاتے ہیں۔ پتنگ اور ڈور کی آن لائن سیل پرچیز، ویب سائٹس و اکاؤنٹس کی بندش کیلئے ایف آئی اے سمیت متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہیں۔ پتنگ بازی صرف لاہور شہر کاہی مسئلہ نہیں بلکہ بین الاضلاعی و صوبائی جرم بن چکا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان کا مزید کہنا تھا کہ کائٹ فلائنگ نہ ہماری ثقافت ہے نہ روایت، یہ سراسر جرم ہے۔ پتنگ اور ڈور کی رسد کو کاٹ کر ہی مسئلے کا حل ممکن ہے،شہری،تمام ادارے مل کر کام کریں۔ والدین اپنے بچوں کو پتنگ بازی اور پر تشدد آن لائن ڈیجیٹل گیمز سے دور رکھیں۔ والدین بچوں کے ساتھ تعلق کو مزید مضبوط بنا کر اُن کی اور دوسروں کی سیفٹی یقینی بنائیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان کا مزید کہنا تھا کہ رواں سال پتنگ بازی ایکٹ پر 8751ملزمان گرفتار،8721 مقدمات درج کئے گئے۔ گذشتہ سال اسی دورانیہ کی نسبت اس سال 5443 مقدمات زیادہ درج کئے گئے۔ جس علاقے میں پتنگ بازی ہو گی متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں گے۔