کراچی میں لوڈشیڈنگ، ایم کیو ایم کا پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنا، اسدعمر نے کروائی بڑی یقین دہانی

0
48

کراچی میں لوڈشیڈنگ، ایم کیو ایم کا پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنا، اسدعمر نے کروائی بڑی یقین دہانی

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں لوڈ شیڈنگ کا معاملہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پہنچ گیا، حکومت کی اتحادی جماعت متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے ارکان اسمبلی نے کراچی میں جاری بجلی کی لوڈشیڈنگ اور کے الیکٹرک کے خلاف اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاوس کے باہر مظاہرہ کیا اور احتجاجی کیمپ لگادیا۔

ایم کیو ایم پاکستان کے مظاہرے میں کراچی سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی، جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی، وفاقی وزیرامین الحق اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رہنما غوث بخش مہر نے بھی مظاہرے میں شرکت کی۔وفاقی وزراء اسد عمر اور عمر ایوب،شفقت محمود بھی ایم کیو ایم کے دھرنے میں یکجہتی کے لئے پہنچے

اس موقع پر رہنماجی ڈی اےغوث بخش مہر نے کہا کہ کراچی کے لوگوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آیا ہوں۔ کراچی سب کا شہر ہے جو اس وقت مشکلات کا شکار ہے۔ احتجاجی کیمپ میں بلوچستان سے منتخب نمائندے اسلم بھوتانی نے بھی شرکت کی۔ میئر وسیم اختر اور کراچی کے بلدیاتی نمائندوں نے بھی احتجاجی کیمپ میں شرکت کی۔

وسیم اختر کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل کے حل کیلئے سب سراپا احتجاج ہیں۔وزیراعظم نےکےالیکٹرک کےمعاملے پرکمیٹی بنائی کے الیکٹرک پندرہ سال سے عوام کو لوٹ رہی ہے حکومت کےاتحادی ہیں کام نہ ہونےسےہم پربھی دباؤآتاہے،کراچی پورے ملک کی اے ٹی ایم مشین ہے ہم وفاق اور صوبائی حکومت کی وجہ سے پریشان ہیں،

وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ وسیم اختر صاحب کہہ رہے ہیں ہم پر دباؤہے ،کابینہ اجلاس میں بھی کے الیکٹرک پر کھل کر بات ہوئی ہے،ہم سمجھتے ہیں لوگ کچرا نہ اٹھانے پر ہم سے بھی سوال کر رہے ہیں ،سندھ حکومت نےمیئرکراچی کو مفلوج کر رکھا ہے، 2021میں کراچی کومزید ساڑھے500میگاواٹ بجلی مل جائےگی ،پی ٹی آئی کی حکومت کراچی میں بجلی اور دیگر مسائل حل کرے گی،

واضح رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے.کراچی کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے کے الیکٹرک نے آج بن قاسم پاور پلانٹ کا ایک یونٹ بند کر دیا ، جس سے 130 میگا واٹ بجلی کی پیداوار رک گئی۔ کے الیکٹرک نے شہر میں لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں بھی اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔

بجلی کا شارٹ فال پورا کرنے کے لیے کراچی کے کئی علاقوں میں پہلے ہی 6 سے 8 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ کراچی میں گرمی کی شدت بڑھتے ہی بجلی کی طلب 3 ہزار ایک سو میگاواٹ تک پہنچ گئی اور بجلی کی طلب و رسد کا فرق 250 میگا واٹ رہ گیا ہے جسے پورا کرنے کے لیے چھ سے آٹھ گھنٹے کی اعلانیہ لوڈشیدنگ کی جا رہی ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں کچھ دیر کے لیے لوڈشیڈنگ کی جائے گی اور اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا شیڈول کے الیکٹرک کی ویب سائٹ پر جاری کر دیا گیا ہے۔ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ ادارے کو فرنس آئل کی فراہمی آج سے شروع ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے ہفتے کو پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ کل سے کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم ہو جائے گی لیکن اب بھی کراچی میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

Leave a reply