جتنے این آر او عمران خان نے دیئے کسی آمر نے بھی نہیں دیئے، بلاول
باغی ٹی وی :بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عمران خان نے کہا تھا کسی کو این آر او نہیں دوں گا، جتنے این آر او وزیراعظم نے دیئے کسی آمر نے بھی نہیں دیئے، بھارتی جاسوس کے اعتراف جرم کے باوجود این آر او دیا جا رہا ہے۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا جہانگیر ترین کو این آر او دیا گیا، بلین ٹری، مالم جبہ، چینی چوری، تیل چوری اور ہر چیز پر این آر او دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا سپریم کورٹ نے کہا نیب کو سیاسی طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، عدالتی فیصلے کے بعد حکومت کو اپوزیشن کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیئے، پورے پاکستان کیلئے احتساب کا ایک ادارہ ہونا چاہیئے۔
خیال رہے کہ آج ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے اپنی تقریر کے اختتام پر کورم کی نشاندہی کی اور فوراً ایوان سے باہر چلے گئے۔
اس حوالے سے مراد سعید کا کہنا تھا کہ آج جس انداز سے پارلیمان سے راہِ فرار اختیار کی گئی وہ خود اپنا مذاق بنانے کے مترادف ہے، پوری قوم سمجھ چکی ہے اور قوم کا مطالبہ ہے کہ اسپیکر صاحب ان پر لازم کردیں کہ اپنی تقریر کے بعد یہ ایک تقریر تک پارلیمان میں موجود رہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی روایت کے مطابق جو کورم کی نشاندہی کرتا ہے اسے ایوان میں موجود اراکین کے شمار تک بیٹھنا ہوتا ہے لیکن خوف اتنا تھا کہ تقریر کے اختتام پر کہا کہ ’اسپیکر صاحب میں کورم پوائنٹ آؤٹ کررہا ہوں اور اس کے بعد چراغوں میں روشنی نہ رہی‘ اور بھاگ گئے۔
سچ بولنے کی ہمت ہونی چاہیے اور سچ سُننے کی بھی ،بلاول تم کب تک آنکھیں چرا کے چلوگے :مراد سعید








