وبائی صورتحال میں اولمپکس کا انعقاد ممکن نہیں، صدر :ٹوکیو اولمپک آرگنائزنگ کمیٹی
باغی ٹی وی :ٹوکیو اولمپک آرگنائزنگ کمیٹی کے صدر یوشیرو موری نے کہا ہے کہ تماشائیوں کے بغیر اولپمکس کا انعقاد کھیلوں کی روح کے منافی جبکہ وبائی صورتحال میں اولمپکس کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔
گزشتہ روز دئیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ایسے فیصلے کرنے سے قبل سوچنا چاہیے کیونکہ اگر تماشائی ہی کھیلوں میں شرکت نہ کر سکیں تو اس کا مزہ کیا ہوگا۔
خیال رہے کہ جمعہ کو ایک انٹرویو میں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے سربراہ تھامس بیچ نے عندیہ دیا تھا کہ ٹوکیو گیمز کا انعقاد تماشائیوں کی تعداد کم کرکے کرانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس پر تبصرہ کرتے ہوئے ٹوکیو گیمز کے چیف کا کہنا تھا کہ تھامس بیچ نے ایسا بیان سنگین حالات کی صورت میں دیا ہے۔
یوشیرو موری نے کورونا وائرس کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر وبا برقرار رہی تو اولمپک گیمز کا انعقاد ناممکن ہو جائے گا۔ کھیلوں کی سرگرمیوں کا آغاز صرف حالات کی بہتری اور ویکسین کی ایجاد پر منحصر ہے