عثمان بزدار نے عید الاضحیٰ پر خصوصی اقدامات کا حکم دے دیا

0
43

عثمان بزدار نے عید الاضحیٰ پر خصوصی اقدامات کا حکم دے دیا

باغی ٹی وی :وزیر اعلی ٰ پنجاب عثمان بزدار نے عید الاضحیٰ پر صفائی کے لئے خصوصی اقدامات کاحکم دیتے ہوئے کہا عید پر لاہور سمیت پورا پنجاب صاف نظرآناچاہیے ، وزیراعلیٰ پنجاب نے تمام متعلقہ کمپنیوں اور لوکل گورنمنٹس سے صفائی پلان طلب کرتے ہوئے کہاہے کہ صفائی کے لئے کام کرنے والی کمپنیا ں فوری طورپر ٹھوس حکمت عملی بنائیں ، لوکل گورنمنٹس بھی اس ضمن میں اپنے علاقوں میں ذمہ داریاں پوری کریں ، متعلقہ ادارے وزیراعلیٰ آفس کو صفائی پلان سے آگاہ کریں ۔بازاروں میں سری، پائے بھوننے کے حوالے سے پابندی پر بھی سختی سے عملدرآ مد کروایا جائے ،صفائی کے معاملے میں کوتاہی کے مرتکب آفیسرز کے خلاف کارروائی ہوگی۔ادھر اپنے ایک بیان میں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ آٹے ،چینی سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے ہر انتظامی اقدام اٹھایا جائے ۔

نرخوں میں خود ساختہ اضافہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ۔ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے اور کاغذی کارروائی کی بجائے عملی کارروائی کرکے رپورٹ وزیراعلیٰ آفس بھجوائی جائے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انتظامی افسران اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں جا کر قیمتوں کی مانیٹرنگ کریں اور اشیائے ضروریہ کی ریٹ لسٹ کے مطابق فروخت یقینی بنائی جائے ۔ عوام کو مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف قانون کے مطابق مقدمے درج کر کے سٹاک ضبط کیا جائے ۔ نا جائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کرنے والے کسی نرمی کے مستحق نہیں۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کو حقیقی ریلیف دینے کے لئے متحرک اور فعال طریقے سے کام کرنا ہو گا۔ باتیں بہت ہو چکیں،عوام کو ریلیف دینے کیلئے کام کیا جائے ۔مجھے ہر صورت نتائج چاہئیں۔پرائس کنٹرول میکانزم پر عملدرآمد میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ لاہور کے شہریوں کی سہولت کیلئے متعدد میگا منصوبے شروع کئے ہیں جن سے لاہور کے شہریوں کو حقیقی معنوں میں ریلیف ملے گا۔ ہماری حکومت نے کبھی بھی زبانی جمع خرچ کیاہے نہ نمائشی منصوبے شروع کئے ۔

لاہور میں پنجاب یونیورسٹی کے قریب سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنائیں گے ۔ اس ہسپتال سے لاہور کے شہریوں کو علاج معالجے کی جدید سہولتیں میسر آئیں گی۔ لاہور میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کیلئے فردوس مارکیٹ انڈر پاس پراجیکٹ کو ریکارڈ مدت میں مکمل کریں گے ۔ بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کیلئے لاہور میں ملک کا سب سے بڑا انڈر گراؤنڈواٹرسٹوریج بنایا جارہاہے اور ذخیرہ کیے گئے بارش کے پانی کو آبپاشی اوردیگر مقاصد کیلئے استعمال کیا جاسکے گا۔لاہور کے حاجی کیمپ تا راوی ڈرین بننے سے نکاسی آب کے مسائل حل ہوں گے ۔
عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا کہ اب ترقی زمین پر نظر بھی آتی ہے، تحریک انصاف کی حکومت یکساں ترقی کے ویژن پر یقین رکھتی ہے، پسماندہ علاقوں اور بڑے شہروں میں عوامی ضروریات کا تعین کر کے ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں، پنجاب کا کوئی شہر، قصبہ اور دیہات ترقی کے ثمرات سے محروم نہیں رہے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کے پسماندہ اضلاع کو ترقی کے سفر میں یکساں اہمیت دی جا رہی ہے، پنجاب حکومت 2 برس میں متعدد سپیشل اکنامک زون پر کام شروع کرچکی ہے، بہت جلد بہاولپور میں سپیشل اکنامک زون پر کا م شروع کر رہے ہیں، جنوبی پنجاب میں مدر اینڈ چائلڈ، کارڈیالوجی اور جنرل ہسپتال بنا رہے ہیں

Leave a reply