وزیراعلیٰ کا نوٹس :گھریلو ملازمہ کو بدترین تشدد کا نشانہ بنانے والا مالک گرفتار

0
46

لاہور :گھریلو ملازمہ کو بدترین تشدد کا نشانہ بنانے والا مالک گرفتار،اطلاعات کے مطابق پنجاب کے علاقے ڈیرہ غازی خان میں 7 سالہ گھریلو ملازمہ کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے والے مالک کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

پنجاب پولیس ذرائع کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے قصبے سمینا کے ایک گھر میں کام کرنے والی 7 سالہ بچی کو کلیم اللہ نے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس کی ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وائرل ہوئی۔

پولیس حکام نے وائرل ویڈیو کا نوٹس لینے کے لیے متاثرہ لڑکی کے ورثا سے رابطہ کیا اور بچی کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا۔

پولیس نے اہل خانہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا جس میں کلیم اللہ نامی شخص کو نامزد کیا گیا تھا۔پنجاب پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرنے کے لیے ملزم کلیم اللہ کو اُس کے گھر والوں کی مدد سے گرفتار کیا۔

متاثرہ بچی کے اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ بچی کلیم اللہ نامی شخص کے گھر پر ملازمت کرتی ہے، ملزم نے بچی کو لوہے کے راڈ اور ڈنڈے سے تشدد کا نشانہ بنایا جس کی تاحال کوئی وجہ سامنے نہیں آئی۔

خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے 7 سالہ گھریلو ملازمہ پر تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈیرہ غازی خان سے فوری رپورٹ طلب کی تھی، انھوں نے ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ بچی پر تشدد کے ذمہ دار کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ معصوم بچی پر تشدد انتہائی افسوس ناک اور سماجی المیہ ہے، 7 سالہ بچی پر تشدد کی خبر سے بہت دکھ پہنچا، کمشنر ڈیرہ غازی خان کو بچی کا علاج معالجہ کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔

Leave a reply