فیصل آباد، ٹاسک فورس ٹیم نے چھاپہ مار کر 11 کے وی فیڈر سے ڈائریکٹ کنڈے اور ٹرانسفارمر کے ذریعے بجلی چوری پکڑ لی

0
58

فیصل آباد(نمائندہ باغی ٹی وی)فیسکو رحمے شاہ کی ٹاسک فورس ٹیم نے ایکسئین تاندلیانوالہ کی سربراہی میں چھاپہ مار کر 11کے وی فیڈر سے ڈائریکٹ کنڈے اور ٹرانسفارمر کے ذریعے بجلی چوری کا نیٹ ورک دھر لیا۔ چوری ہونے والی بجلی زیر زمین کیبل بچھا کر ملحقہ آبادی کے 10سے زائد گھروں کو مہیا کی جا رہی تھی۔ فیسکو ٹیم نے موقع سے کیبل اور25کے وی اے کا ٹرانسفارمر قبضہ میں لے لیا اور چوری میں ملوث محمد امین الیکٹریشن کے خلاف مقدمہ کے اندراج کیلئے پولیس تھانہ مریدوالا کو درخواست دے دی۔ الیکٹریشن نے فیسکو کی ٹیموں کو دھوکا دینے کیلئے گھر کی چھت پر سولر پینل بھی نصب کر رکھے تھے۔تفصیلات کے مطابق وزارت توانا ئی (پاور ڈویژن)اورچیف ایگزیکٹوفیسکومجاہداسلام باللہ کی خصوصی ہدایات پرفیسکوٹاسک فورسزاور انٹیلی جنس ٹیموں کا ریجن کے چاروں سرکلز میں بجلی چوروں کے خلاف بھرپورکریک ڈاؤن جاری ہے۔فیسکو ٹاسک فورس نے رحمے شاہ میں ڈائریکٹ کنڈا لگابجلی چوری پکڑی ہے۔ رحمے شاہ کے نواحی علاقے 544گ ب کے رہائشی الیکٹریشن محمد امین نے اپنی ورکشاپ کی چھت کے اوپر سے گزرنے والی 11کے وی کنجوانی فیڈر پر ڈائریکٹ کنڈے ڈال کر 25کے وی اے کے ایک ٹرانسفارمر کے ذریعے بجلی چوری کا نیٹ ورک بنا رکھا تھا اور بجلی پی وی سی کیبل زیر زمین بچھا کر ملحقہ آبادی کے 10گھروں کو مہیا کر رکھی تھی۔ فیسکو ٹیموں کو دھوکا دینے کیلئے اس نے چھت پر سولر پینل بھی نصب کر رکھے تھے اور یہ تاثر دے رہا تھا کہ وہ سولر سسٹم کے ذریعے پیدا ہونے والی بجلی ورکشاپ میں استعمال کر رہا ہے۔ ایس ڈی او رحمے شاہ سجاد علی نے شبہ ہونے پر فیسکو ٹاسک فورس کو اس کی ریکی پر لگا دیا۔ جنہوں نے 11کے وی فیڈر کنجوانی پر انتہائی باریک تار ڈال کر اسے 25کے وی اے ٹرانسفارمر سے جوڑ کر ہونے والی بجلی چوری کا سراغ لگا لیا۔ گذشتہ روز ایکسئین تاندلیانوالہ محمدعارف اور ایس ڈی اوسجاد نے ٹیم کے ہمراہ چھاپہ مار ا تو الیکٹریشن محمد امین نے مزاحمت کی کیبل اور ٹرانسفارمر اتارنے نہیں دیا۔ پولیس کو اطلاع دی گئی تو وہ ان کے آنے سے پہلے فرار ہو گیا۔ فیسکو ٹیم نے زیرزمین کیبل اور ٹرانسفارمر قبضہ میں لے لیا اور پولیس تھانہ مرید والا کو مقدمہ کے اندراج کیلئے درخواست دے دی ہے۔ فیسکو چیف مجاہد اسلام باللہ نے صارفین بجلی سے اپیل کی ہے کہ وہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں اوراپنے گردونواح میں ہونے والی بجلی چوری کی اطلاع فوری طورپر وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہاٹ لائن 051-9103888،فیسکو کے ٹول فری نمبر 080066554یا اپنی متعلقہ سب ڈویژن کو دیں تاکہ بجلی چور صارفین کے خلاف فوری کارروائی کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوری جیسے مکروہ قومی جرم کی سرکوبی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں اورفیسکو ٹیموں کا ساتھ دیں تاکہ ملک سے اس جر م کا خاتمہ ہوسکے۔

Leave a reply