ماضی کا معروف و مقبول پاکستانی ڈرامہ ’ان کہی‘ 20 اکتوبر سے آرٹس کونسل میں پیش کیا جائے گا۔
باغی ٹی وی : اطلاعات کے مطابق ماضی کا پاکستانی مقبول و معروف ڈرامہ ’ان کہی‘ 20 اکتوبر سے آرٹس کونسل میں پیش کیا جائے گا-اس کے بارے میں بات کرتے ہوئے احمد شاہ نے کہا کہ آرٹس کونسل نے حکومت کی ہدایت پر ایس او پیز پر مکمل عمل کرتے ہوئے سرگرمیوں کا آغاز کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈرامہ مارچ کے وسط میں شروع ہونا تھا مگر کورونا وائرس کے لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملتوی ہو گیا تھا۔ اب ہمارے ملک میں وبا کا زور کم ہو گیا ہے اور حکومت نے بھی ایس او پیز پر عمل کرنے کی ہدایت کے بعد آرٹس کونسل کو ثقافتی سرگرمیوں کا آغاز کرنے کی اجازت دے دی ہےاحمد شاہ نے کہا کہ طویل لاک ڈاؤن کے بعد آرٹس کونسل شہریوں کے لئے بہتر سہولتیں پیش کر رہا ہے۔
ان کہی ڈرامے کے ڈائریکٹر داور محمود نے کہا کہ 20 اکتوبر سے ان کہی 2020 شروع ہو گا یہ پرانا والا ان کہی نہیں ہے تاہم اس میں پرانے پیغام کو نئے انداز میں پیش کیا گیا ہے ۔ ڈیڑھ سو سے زیادہ فن کار اس میں کام کریں گے جن میں آرٹسٹ، ڈانسر اور دیگر لوگ شامل ہیں جبکہ آمنہ الیاس اس ٹیم کو لیڈ کریں گی۔
ڈرامے کی رائٹر حسینہ معین نے کہا کہ ان کہی 35 سال پہلے اس وقت کے لحاظ سے لوگوں کےلئے ایک پیغام تھا وہ اس وقت لوگوں کے پاس پہنچ گیا تھا۔ آج کے حالات کے مطابق ان کہی 2020 میں پیغام ہے کہ معاشرے میں نفرت نہیں محبت کو فروغ دینے کے لئے آج کی نسل کو کام کرنا چاہئے تاہم ڈرامے کہانی پرانی ہے اور کچھ چیزیں نئی ہیں اس کے بعد تنہائیاں بھی تیار ہے۔
ساجد حسن نے کہا کہ اس ڈرامہ میں حسینہ معین کی زندگی کی کہانی ہے۔ احمد شاہ نے تھیٹر کوآباد کر لیا لہٰذا شہری ایس او پیز کو استعمال کرتے ہوئے احمد شاہ کے ساتھ تعاون کریں۔ کراچی آرٹس کونسل ملک میں یونیک ادارہ ہے حکومت کو اس کی سرپرستی کرنا چاہئے۔