امن و امان برقرار رکھنے میں بزدارحکومت اور پنجاب پولیس کے اقدامات حوصلہ افزا ہیں، فیاض الحسن چوہان

لاہور: امن و امان برقرار رکھنے میں بزدارحکومت اور پنجاب پولیس کے اقدامات حوصلہ افزا ہیں، اطلاعات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے تعاون سے پنجاب بھر میں پھیلے پکار 15 کے نظام کو ایک مربوط اور مرکزی نظام بنا دیا گیا ہے۔

وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے پنجاب میں جرائم کی بیخ کنی اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے بزدار حکومت اور پنجاب پولیس کے اقدامات کے حوالے سے کہا کہ پنجاب میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پنجاب پولیس کے پالیسی اقدامات حوصلہ افزا ہیں۔ پنجاب پولیس کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سال میں پنجاب پولیس نے منشیات کی ترسیل کے خاتمے کے لیے 494 بڑے گروہوں کی نشاندہی کی اور قانونی کاروائی کی۔

فیاض الحسن چوہان نے بتایا کہ پنجاب پولیس نے اب تک قبضہ مافیا کے چنگل سے 460 پراپرٹیاں واگزار کروائیں اور 1200 ملزمان گرفتار کیے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے اندرونی نظام کو بہتر بنانے کے لیے انسپکشن اینڈ ڈسپلن برانچ کا قیام خود احتسابی کی جانب اہم قدم ہے جبکہ پنجاب پولیس جرائم کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور آلات کو بھی بروئے کار لارہی ہے۔ لاہور کے دو داخلی مقامات پر نادرا، ایکسائز اور کریمنل ریکارڈ سے منسلک ای چیک پوسٹوں کی تنصیب اسکی ایک مثال ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے تعاون سے پنجاب بھر میں پھیلے پکار 15 کے نظام کو ایک مربوط اور مرکزی نظام بنا دیا گیا ہے۔ صوبے میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے مری اور کرتارپور کے لیے بالترتیب 47 اور 100 پولیس کے جوانوں کی تربیت مکمل ہو چکی ہے۔ اس مثالی اقدام سے پاکستان میں سیاحت کو مزید فروغ ملے گا۔

Comments are closed.