گجرات : گجرات : عظیم الشان شہدائے کربلا کانفرنس،مقررین کے خطابات اطلاعات کے مطابق گجرات میں ایک بہت بڑی شہدائے کرب وبلا کانفرنس منعقد ہوئی ،جس میں مقررین کا کہنا تھا کہ نواسہ رسول نے ظلم و جبر کے خاتمہ کیلئے اپنے72 تن کی عظیم اور بے مثال قربانی دے کر نانا کے دین کو ہمیشہ کیلئے امر کر دیا۔ امام عالی مقام اور اہلبیت کی ذات مبارکہ تمام صحابہ کرامؓ کیلئے عقیدت و احترام ‘ محبت و تکریم کا مرکز تھی۔

ان خیالات کا اظہار گجرات کے معروف مرکز علم وآگہی دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بوکن شریف میں منعقدہ سالانہ شہدائے کربلا کانفرنس سے مقررین نے خطاب کے دوران کیا، مقررین میں پیر سید زاہد صدیق بخاری، ڈاکٹر سید حامد فاروق بخاری، بیرسٹر سید عتیق الرحمن بخاری، علامہ سید فہیم شہزاد بخاری، علامہ محمد علی طاہر، علامہ پیر سید علی رضا ،صاحبزادہ سید ہارون الرشیداور علامہ مفتی محمد یونس چشتی شامل تھے،

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیر سید زاہد صدیق شاہ بخاری نے کہا کہ اسلام کے احیاء کی خاطر بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے، امت مسلمہ کو چاہیے کہ دوبارہ علم سے اپنا رشتہ جوڑے اور باطل طاغوتی قوتوں کو واضح پیغام دے کہ ہم حسینی ؓ راہ کے مسافر ہیں ، ڈاکٹر سید حامد فاروق بخاری نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ شہدائے کربلا نے اسلام کی مٹتی قدروں کو زندہ کیا، یزید کا دور اسلام سے سراسر بغاوت پر مبنی تھا، شہدائے کربلا نے امت محمدیہ ﷺ کو درس دیا کہ جب بھی دین پر مشکلات آئیں بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہ کریں،

انہوں نے کہا وطن عزیز میں فرقہ واریت پھر سے پھیلائی جارہی ہے ، یاد رہے کہ خاندان نبوت ؓاور صحابہ کرامؓ کی محبت کے بغیر ایمان مکمل نہیں ہو سکتا۔ اپنے خطا ب میں بیرسٹر سید عتیق الرحمن بخاری نے کہا کہ اہل بیت اطہار ؓ کی قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں،واقعہ کربلا کے بعد قیامت تک امام حسین ؓ حق اور یزید باطل و ظلم کی علامت بن گیا۔ سید فہیم شہزاد نے کہا کہ مسلم امہ کی خواتین کیلئے بی بی زینب سلام اللہ علیھا کا کردار ایک روشن باب ہے، دختران اسلام کو چاہیے کہ ان کی سیرت کو پڑھیں، کانفرنس میں علمائے کرام، مشائخ عظام سمیت سینکڑوں عوام الناس نے شرکت کی۔

Shares: