کراچی:سندھ حکومت نے سخت مخالفت کے باوجود کیماڑی کوساتواں ضلع بنا دیا،نوٹیفکیشن جاری کر دیا

0
44

کراچی:سندھ حکومت نے سخت مخالفت کے باوجود کیماڑی کوساتواں ضلع بنا دیا،نوٹیفکیشن جاری کر دیا،اطلاعات کے مطابق سندھ حکومت نے سخت مخالفت کے باوجود کیماڑی کو ضلع بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔

محکمہ داخلہ سندھ نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ کیماڑی کو ضلع کا درجہ حاصل ہوگیا ہے ،کراچی میں اضلاع کی تعداد 7ہوگئی،ضلع غربی کو 2حصوں میں تقسیم کردیا گیا ہے۔

بورڈ آف ریونیو کی جانب سے جاری کردہ نے نوٹیفکیشن کے مطابق نئے ضلع میں کیماڑی ،بلدیہ ، سائٹ اور ماڑی پور سب ڈویژن شامل ہے۔ جبکہ ضلع غربی میں منگھو پیر ،اورنگی ٹاؤن اور مومن آباد سب ڈویژن میں شامل ہیں۔

خیال رہے کہ کچھ روز قبل سندھ حکومت نے صوبائی اسمبلی میں کیماڑی کو ضلع بنانے کی قرارداد پیش کی گئی تھی ، جس پر اپوزیشن نے مخالفت کرتے ہوئے احتجاج کیا تھا۔

اس سے قبل کراچی چھ اضلاع پر مشتمل تھا، ان اضلاع میں جنوبی، شرقی، غربی، ملیر، کورنگی اور وسطی شامل تھے۔

یاد رہے کہ 20 اگست کو وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں سندھ کابینہ نے کیماڑی ضلع بنانے کی منظوری دی تھی، آبادی کے حساب سے ضلع غربی پورے سندھ کا سب سے بڑا ضلع تھا۔

24 اگست کو پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت نے سندھ ہائی کورٹ میں ضلع کیماڑی کی تشکیل چیلنج کر دی تھی، عدالت میں دی جانے والی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ضلع کیماڑی کی تشکیل پیپلز پارٹی نے عصبیت کی بنیاد پر کی ہے۔

واضح رہے کہ ضلع کیماڑی کا نوٹیفکیشن ایک ایسے دن جاری کیا گیا ہے جب کراچی میں وزیر اعظم عمران خان نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت شہر کے لیے 1 ہزار 113 ارب روپے پیکج کا اعلان کیا ہے۔

Leave a reply