ریاض: سعودی حکومت نے گارجین شپ قانون میں تبدیلی کرتے ہوئے خواتین کو بغیر محرم بیرونِ ملک سفر کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا۔
سعودی میڈیا کے مطابق سعودی حکومت نے سرپرستی کے قانون میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا، قانون میں تبدیلی سے اٹھارہ سال سے زائد عمر کی خواتین اپنے والد، بھائی یا شوہر کی رضامندی کے بغیر بیرون ملک جا سکیں گی، جبکہ شناختی کارڈ کی حامل خواتین کو مردوں کی رضامندی کی ضرورت نہیں ہوگی۔
سعودی حکام نے اس بات پر پابندی برقرار رکھی ہے کہ اٹھارہ سال سے کم عمر کی خواتین اکیلی نہیں جا سکیں گی، بیرون ممالک سفر کرنے کے لئے ان کوبھائی، والد و دیگر رشتے دار کو ساتھ لے کر جانا ہوگا،واضح رہے کہ سعودی عرب میں تمام عمر کی خواتین پر لازم ہے کہ وہ پاسپورٹ کے حصول یا بیرون ملک سفر سے قبل اپنے خاندان کے مرد سے اجازت حاصل کریں۔
یاد رہےکہ سعودی عرب میں نئے ولی عہدمحمد بن سلمان نے جدت پسندی کے رجحان کو شامل کرکے قدامت پسندی رجحانات میںتبدیلی کے اشارے کیے تھے اور خواتین کے حوالے سے قوانین میں آئے روز اصلاحات کی جارہی ہیں اور تازہ فیصلہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے