پاکستان شوبز انڈسٹری کے نامور گلوکار اور اداکارمحسن عباس حیدر کو بچے کی مستقل حوالگی کیس میں عدالت نے اداکار کوآئندہ سماعت پر ہر صورت جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
باغی ٹی وی : لاہور کی گارڈین عدالت میں اداکار محسن عباس حیدر کی سابقہ اہلیہ فاطمہ سہیل کی بچے کی مستقل حوالگی کی درخواست پر سماعت ہوئی گارڈین عدالت کے جج سید نوید مظفر نے سماعت کی۔
دوران سماعت فاطمہ سہیل نے موقف اختیار کیا کہ محسن عباس سے علیحدگی ہوچکی ہے میں بیٹے کی بہتر انداز میں پرورش کرسکتی ہوں لہذا بچے کی بہتر پرورش کے لیے اسے مستقل طور پر میرے حوالے کیا جائے۔
عدالت نے محسن عباس کو آخری موقع دیتے ہوئے پیش ہونے کا حکم دے دیا اور آئندہ سماعت پر ہر صورت جواب جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ فاطمہ سہیل نے گزشتہ برس اپنے شوہر محسن عباس حیدر پر تشدد اور بے وفائی کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ محسن کے نازش نامی ماڈل سے ناجائز تعلقات ہیں جس کی وجہ سے شوہر ان پر تشدد کرتا ہے۔ بعد ازاں فاطمہ سہیل نے لاہور کی فیملی عدالت میں خلع کا دعوی دائر کیا تھا جس پر فیصلہ سناتے ہوئے جج نے ستمبر 2019 میں خلع کی ڈگری جاری کردی تھی۔ دونوں کا ایک بیٹا ہے جو فی الحال اپنی والدہ کے ساتھ ہی رہتا ہے۔