ڈی جی نرسنگ نے نرسوں کی پیشہ وارانہ تربیت کیلئے حکومت کے اقدامات پر اظہار تشکر کیا ہے
باغی ٹی وی رپورٹ کے مطابق ڈی جی نرسنگ نے نرسوں کی پیشہ وارانہ تربیت کیلئے حکومت کے اقدامات پر اظہار تشکر کیا ہے
انہوں نے کہا کہ پاکستانی نرسز میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں،ملکی و بین الاقوامی سطح پر بخوبی خدمات سر انجام دے سکتی ہیں
ڈگری پروگرام کے اجراء سے نرسز کا معیار سروس بہتر ہوگا اور مریضوں کی نگہداشت میں بھی مزیدبہتری آئے گی
2019نرسز کا سال ہے، وزیر اعظم کے شعبہ صحت کیلئے ویژن کو سراہتے ہیں:کوثر پروین کی نیورو انسٹی ٹیوٹ میں گفتگو
لاہور14جولائی:……ڈائریکٹر جنرل نرسنگ پنجاب کوثر پروین نے نرسز کی پیشہ وارانہ تربیت کیلئے پنجاب حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے خصوصی اقدامات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے جو نئی پالیسیاں متعارف کرائی ہیں اُس سے نرسنگ کے شعبے میں بلا شبہ نمایاں بہتری آئے گی اور وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ہسپتالوں میں نرسنگ کئیر پر خصوصی توجہ دی جانی خوش آئند امر ہے جس سے لا محالہ ہسپتالوں کا معیار مزید بلند ہوگا۔
اس امر کا اظہار انہوں نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں مختلف شعبوں کے دورے کے موقع پر نرسز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ڈی جی نرسنگ کوثر پروین کا کہنا تھا کہ ایف ایس سی کرنے والی بچیوں کی نرسنگ کے شعبے میں آمد اور نرسز کیلئے ڈگری پروگرام کا اجراء ایسے اقدامات ہیں جن سے نرسز کا معیار سروس بہتر ہوگا اور مریضوں کی نگہداشت میں بھی مزیدبہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2019نرسز کا سال ہے جس کیلئے پنجاب کے مختلف ہسپتالوں میں نرسز کمیونٹی کیلئے خصوصی پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔کوثر پروین نے کہا کہ بلا شبہ ہماری نرسیں کسی بھی لحاظ سے ٹیلنٹ میں پیچھے نہیں۔پنجاب کے مختلف اداروں سے فارغ التحصیل نرسز قومی و بین الاقوامی سطح پر تسلی بخش ہی نہیں بلکہ نمایاں خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی صحت کے شعبے میں ذاتی دلچسپی ہے اور اُن کی حکومت کی طرف سے ہیلتھ سیکٹر بالخصوص نرسنگ کمیونٹی کی فلاح و بہبود کیلئے قابل تقلید پالیسیاں متعارف کرائی جا رہی ہیں جن کی ہم سب دل و جان سے قدر کرتے ہیں۔ ڈی جی نرسنگ نے نرسز سے کہا کہ وہ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں مکمل تندہی اور لگن کے ساتھ سر انجام دیں اور دکھی انسانیت کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔








