سعودی عرب سے بھارت لوٹنے والے دو مبینہ بھارتی دہشت گرد گرفتار
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی قومی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے نے سعودی عرب سے آنے والے دو افراد کو حراست میں لے لیا، ایجنسی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ دونوں افراد دہشت گرد ہیں

این آئی اے نے کیرالہ کے ترواناننت پورم بین الاقوامی ایئر پورٹ پر تین گھنٹے کی تحقیقات کے بعد دو افراد کو حراست میں لیا ہے، دونوں افراد سعودی عرب سے بھارت پہنچے تھے،جنہیں گرفتار کر لیا گیا ان میں سے ایک گل نواز اترپردیش کا رہائشی اور دوسرا شعیب کا تعلق کیرالہ کے کنور سے ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ان دونوں افراد میں سے ایک کا تعلق لشکر طیبہ اور دوسرے کا انڈین مجاہدین سے ہے،این آئی اے ذرائع کے مطابق گرفتار افراد کو پہلے کوچی لے جایاجائے گا اس کے بعد شعیب کو بنگلور جبکہ گل نواز کو دہلی لے جایا جائے گا۔

این آئی اے کے مطابق ان دونوں افراد کو بنگلور میں ہونے والے دھماکے کے سلسلے میں حراست میں لیا گیا ہے

قبل ازیں 19 ستمبر کو این آئی اے نے تین دہشت گردوں کو کیرالہ کے ارناکولم سے اور چھ کو مغربی بنگال کے مرشد آباد سے گرفتار کیا تھا۔ گرفتار ہونے والے افراد سے ڈیجیٹل سامان ، جہادی لٹریچر اور دستاویز ، تیز دھار اسلحہ ، دیسی ساختہ بم اور دفاعی جیکٹس بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا

Shares: