کمشنر ہزارہ کی غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خلاف کارروائی

ایبٹ آباد. کمشنر ہزارہ ریاض محسود نے کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی حدود میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف بھرپور الیکشن لیتے ہوئے بااثر افراد کے خلاف مقدمات درج کرنے کا حکم دیدیا، غیر قانونی تعمیرات اور غیر قانونی قابضین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 20 افراد کے خلاف ایف آئی درج کر لی گئی، تھانہ کاغان پولیس نے ایف آئی آر میں درج تمام افراد کو گرفتار کر لیا ہے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے دفتر سمیت دیگر درجنوں غیر قانونی تعمیرات کرنے والے افراد اور اداروں کو نوٹسز جاری کر دیئے گئے ہیں، شاہراہ کاغان کی تعمیر و مرمت کو یقینی بنانے کیلئے این ایچ اے کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جھیل سیف الملوک میں غیر قانونی کشتی رانی پر پابندی عائد کرتے ہوئے متعدد کشتی چلانے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کا حکم دیدیا گیا ہے اور شاہراہ کاغان کے دونوں اطراف تجاوزات کو ہٹانے کیلئے این ایچ اے حکام کو احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ محکمہ ایری گیشن کو بھی دریائے کنہار کے ساتھ تجاوزات کو ہٹانے کیلئے سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو بھرپور طور پر فعال بنانے کیلئے ایک ہی دن میں دو اجلاسوں کا انعقاد کیا گیا جو ایک بٹہ کنڈی اور دوسرا ناران کے مقام پر دریا کے کنارے منعقد ہوا جس میں کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈز کے ممبران نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا قیام 1996ء میں عمل لایا گیا، اس وقت سے آج تک کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ کے صرف پانچ اجلاس منعقد ہوئے۔ موجودہ چیئرمین کمشنر ہزارہ ریاض خان محسود کی زیر صدارت اجلاس میں گذشتہ دو مہینہ کے دوران کے ڈی اے کو فعال بنانے کیلئے تین اجلاس منعقد ہوئے ہیں۔ بورڈ کے چیئرمین ریاض محسود نے بورڈ کے ممبران اور متعلقہ محکموں کے سربراہان کو سختی سے ہدایات جاری کیں کہ وہ سیاحوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں اور کے ڈی اے کی حدود میں جن لوگوں نے بغیر نقشے کی منظوری کے عمارتیں تعمیر کی ہیں ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

Shares: