لاہور: شادی سے انکارجرم ٹھہرگیا: لڑکی پر تیز دھار آلے سے حملہ،اطلاعات کے مطابق کاہنہ کے علاقے میں کارسوار ملزمان کے شادی سے انکار پر لڑکی پر چھریوں سے وار، شدید زخمی حالت میں سڑک کنارے پھینک کر فرار ہو گئے جبکہ متاثرہ خاتون کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

خواتین پر حملوں اور تشدد کے واقعات کا سلسلہ نہ تھم سکا، گنگا رام ہسپتال میں تعینات سٹاف نرس کو اپنے ہی کزن نے شادی سے انکار پر چھریوں کے وار کر کے شدید زحمی کر دیا اور زخمی حالت میں گاڑی سے سڑک کنارے پھینک کر فرار ہوگیا۔

متاثرہ لڑکی عشرت کا کہنا ہے اس کے کزن علی نے ساتھیوں کے ہمراہ پہلے گنگارام ہسپتال سے زبردستی گاڑی میں بٹھایا، کاہنہ کے قریب پہنچ کر اس پر متعدد چھریوں کے وار کیے۔ لڑکی نے دروازہ کھولنے کی کوشش کی تو عینی شاہدین اور وہاں موجود لوگوں کے شور کرنے پر لڑکی کو سڑک پر پھینک کر فرار ہوگئے، خون سے لت پت لڑکی کو مقامی افراد نے ہسپتال منتقل کیا۔

لڑکی کے والد محمد شفیع کا کہنا تھا کہ عشرت اس سے شادی نہیں کرنا چاہتی تھی، ہم نے حال ہی میں لڑکی کا رشتہ دوسرے کزن کے ساتھ طے کیا تھا، ملزم علی نے اغوا کے بعد لڑکی کو قتل کرنے کی کوشش کی۔ ہمارا اعلیٰ حکام سے مطالبہ ہے کہ نوٹس لیکر انصاف دلائیں۔

متاثرہ لڑکی اور اس کے والد نے ملزم کے خلاف سخت سے سخت کارروائی اور تحفظ فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

Shares: