مولانا عادل خان کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف ناگن چورنگی پر احتجاج
باغی ٹی وی : کراچی میں شہید کیے گئے مولانا عادل خان کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف ناگن چورنگی پر احتجاج کیا جارہا ہے۔
کراچی کے علاقے ناگن چورنگی پر مولانا عادل خان کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف کیے جانے والے احتجاج میں اہلسنت و الجماعت کے کارکنوں اور رہنماؤں نے شرکت کی۔مظاہرین کی جانب سے مولاناعادل خان اور اُن کے ڈرائیور کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔
اس موقع پر رہنما اہلسنت و الجماعت مولانا رب نواز نے کہا کہ آج پورے پاکستان میں علماء کی جانب سے ہڑتال کی کال دی گئی ہے، ہڑتال پر تاجر برادری اور ٹرانسپورٹ برادری نے حمایت کی۔
دوسری جانب مولاناعادل خان کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف لسبیلہ چوک پر بھی احتجاج کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ کراچی کے علاقے شاہ فیصل میں نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کر کے جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا عادل خان کو ڈرائیور سمیت قتل کر دیا تھا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق ہسپتال پہنچنے سے قبل مولانا عادل دم توڑ چکے تھے، انہیں گردن اور پیٹ میں گولیاں لگیں۔ پسماندگان میں مولانا مفتی محمد انس عادل، مولانا عمیر، مولانا زبیر، مولانا حسن، ایک بیٹی اور ایک بیوہ جب کہ دو بھائی مولانا عبیداللہ خالد اور عبدالرحمن کو سوگوار چھوڑا ہے