نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں‌کھلاڑیوں کے شاندار ریکارڑ

باغی ٹی و ی : نیشنل ٹی ٹونٹی کپ خیبرپختونخوا کی ٹائٹل کامیابی پر ختم ہو گیا جس میں 33 میچوں کے دوران 8.93 کے رن ریٹ سے سکورنگ ہوئی جو ماضی کے 8.34 سے کافی بہتر ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق 15 مرتبہ دو سو پلس کا مجموعہ بنایا گیا۔ خیبر پختونخوا کے فخر زمان 420 رنز اور ان کے ساتھی پیسر شاہین آفریدی 20 وکٹوں کے ساتھ بہترین بیٹسمین اور باؤلر جبکہ محمد رضوان بہترین وکٹ کیپرقرار پائے۔

جنوبی پنجاب کے خوشدل شاہ نے محض 35 بالز پر تیز ترین سنچری کے ساتھ ہی سب سے زیادہ 25 چھکے بھی لگائے۔ اس ٹورنامنٹ میں پہلی مرتبہ 150 سے زائد سٹرائیک ریٹ سے 9 بیٹسمینوں نے دو سو سے زائد رنز سکور کئے۔

واضح‌رہے کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ 2020 کے فائنل میں خیبرپختونخوا نے سدرن پنجاب کو 10 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ اپنے نام کر لیا۔

پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں سدرن پنجاب کی ٹیم خیبرپختونخوا کی جانب سے دیئے گئے 207 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنا سکی۔

سدرن پنجاب کی جانب سے حسین طلعت نے 63 اور خوشدل شاہ 34 نے رنز بنائے جب کہ خیبرپختونخوا کی جانب سے شاہین شاہ اور وہاب ریاض نے بالترتیب تین تین جب کہ عثمان شنواری اور آصف آفریدی نے ایک ایک وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر گیند بازی کا فیصلہ کیا۔

کے پی کی جانب سے کپتان محمد رضوان اور سلامی بلے باز فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 76 رنز کی شراکت داری قائم کی۔

Shares: