پاکستان کے قومی کھیل کے فروغ کے لیے ہاکی فیڈریشن کے صدر متحرک ہو گئے

باغی ٹی وی : پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کے فروغ کے سلسلہ میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر برگیڈئر ریٹائرڈ محمد خالد سجاد کھوکھر نے ملک کے مختلف ڈویژن اور صوبوں کے دورہ کا آغاز کر دیا۔ انہوں نے اوکاڑہ پہنچنےپرساہیوال، پاکپتن اور اوکاڑہ کی ضلعی ہاکی ایسوسی ایشنز کے صدور سے پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کومتحرک کرنے کے لئے ہاکیاں تقسیم کیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) محمدخالد سجاد کھوکھرنےکہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی خصوصی دلچسپی اور تعاون سے پاکستان کا قومی کھیل ہاکی منظرعام پردوبارہ ابھرے گا۔ ہاکی کے بہترین فروغ کیلئے نوجوان نسل کو کھیلوں کے میدانوں میں آنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہاکی کے فروغ کے لئےجار ی دورہ کے دوران اوکاڑہ پہنچ کر سینئیرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقعہ پر پی ٹی آئی کے رہنما چوہدری سلیم صادق،حاجی سیف الرحمان ایس ایچ او تھانہ اے ڈویژن، اولمپیئن محمد سرور صدر ہاکی ایسوسی ایشن ضلع اوکاڑہ سمیت دیگرسماجی وعوامی شخصیات بھی موجود تھیں۔
بریگیڈیئر(ر)محمدخالد سجاد کھوکھر نے بتایا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ قومی کھیل کی پرموشن کے سلسلہ کی جانے والی حالیہ ملاقات میں انہوں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے لئے پانچ کروڑ روپیہ دیا اور پانچ مختلف ہاکی گراؤنڈز میں آسٹروٹرف لگانے کا یقین دلایا۔ صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن بریگیڈیئر محمدخالد سجاد کھوکھرنے مزید بتایا کہ وزیر اعظم پاکستا ن عمران خان نے بھی قومی کھیل ہاکی کی ترقی کیلئے پاکستان ہاکی فیڈریشن اور منسٹری آف سپورٹس سے میٹنگ کی اسکے علاوہ چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ کو ہدایت کی کہ وہ قومی کھیل ہاکی کے فروغ کے لئے اکیڈمی بنائیں۔ اس سے قبل پنجاب ہاکی فیڈریشن کے ایسوسی ایٹ سیکریٹری رائے عثمان کھرل نے صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن بریگیڈیئر (ر)محمدخالد سجاد کھوکھرکااستقبال کیا۔ اس موقع پر جنرل سیکریٹری ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن اوکاڑہ سید اسلم شاہ نے صحافیوں کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر کے دورے کا مقصد اور تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بریگیڈیئر (ر) محمدخالد سجاد کھوکھر ہاکی فیڈریشن پاکستان کے پہلے صدر ہیں جنھوں نے مختلف ڈویژنوں کا دورہ شروع کیا ہے جن میں سب سے پہلے لاہور ڈویژن،ساہیوال ڈویژن ساؤتھ پنجاب میں بہاولپور اور مختلف ڈویژن کے علاوہ سندھ میں سکھر، حیدرآباد اور کراچی میں جاکر ہاکی ایسوسی ایشز سے میٹنگز کریں گے اور ھاکی کے فروغ کے لئے مختلف ڈویژنوں میں کھلاڑیوں کے لئے ہاکیاں تقسیم کریں گے۔ آخر میں صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن بریگیڈیئر خالد سجاد کھوکھر نے ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن اوکاڑہ، ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن پاکپتن، ڈسٹرکٹ ہاکی ایشن ساہیوال کے صدورزکوہاکیاں تقسیم کیں۔

Shares: