بھارتی فلم میں جنون بینڈ کا مشہور گیت ’سیونی‘ کا ریمیک بنانےپر گلو کار علی عظمت نے سوشل میڈیا پر اپنا ردعمل دیا ہے-
باغی ٹی وی :90 کی دہائی کے پاکستان کے مقبول ترین بینڈ ’جنون‘کا گایا ہوا مشہور گیت سیونی آج بھی ہر کسی کا پسندیدہ گیت سمجھا جاتا ہےاس گیت کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اسے نہ صرف بیرون ملک میں گوروں نے گایا بلکہ بھارت کے کئی گلوکاروں نے بھی اسے اپنے انداز میں گانے کی کوشش کی۔
اس گیت کو ایک بار پھر ارجیت سنگھ کی آواز میں بھارتی فلم سیونی میں شامل کیا گیا ہے لیکن جس طرح انہوں نے ماضی کے اس مشہور گیت کا حال کیا اس پر نہ صرف پاکستانی بلکہ بھارتی بھی احتجاج کر ر ہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر نئے انداز سے پیش کئے جانے والے گیت پر تنقید کی جارہی ہے-
بھارتی میوزک کمپنی ٹی سیریز کی جانب سے پاکستان کے ماضی کے معروف میوزیکل بینڈ جنون کے سن 1990 کی دہائی میں گائے گئے مقبول گانے ’سیونی‘ کا انتہائی بُرا ریمیک بنانے پر گلوکار علی عظمت نے جنون کے ’سیونی ‘ کی ویڈیو شیئر کی ہے-
سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹاگرام پر جنون بینڈ کے رکن و گلوکار علی عظمت نے ماضی کی ایک یادگار ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں گلوکار سمیت پورا جنون بینڈ اسٹیج پر پرفارم کرتے ہوئے گانا ’سیونی‘ گنگناتا نظر آرہا ہے۔
علی عظمت نے انسٹاگرام پر ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے تنقید کرنے سے اجتناب کیا اور لکھا کہ یہ ویڈیو اُن مداحوں کے لیے ہے جنہوں نے سیونی کو مقبول کیا اور جو آج بھی سیونی سے محبت کرتے ہیں۔
گلوکار نے اپنی پوسٹ میں مختلف ہیش ٹیگ بھی استعما ل کئے جن میں انہوں نے اپنے تمام مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا جبکہ صارفین کی جانب مطالبہ کیا جا رہ ہے کہ ’سیونی‘ کا انتہائی بُرا ریمیک بنانے پر جنون بینڈ کو بھارتی میوزک کمپنی ٹی سیریز کے خلاف سخت ایکشن لینا چاہیے۔
پاکستانی گانے سیونی کا انتہائی برا ریمیک بنانے پر بھارتی میوزک کمپنی ٹی سیریز کو سخت تنقید کا سامنا
اس سے قبل اس حوالے سے گلوکار سلمان احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا پیغام جاری کیا تھا جس میں انہوں نے تنقید تو نہیں کی لیکن سیونی گیت کی اصل ویڈیو کا لنک شیئر کیا اور لکھا کہ جب میں کالج میں ہوا کرتا تھا تو کیمپس میں ہر کسی کی زبان پر مغربی یا بالی وڈ کی موسیقی ہوتی تھی لیکن اب تبدیلی آگئی ہے۔ اب بالی ووڈ میں ’جنون‘ کے گیت گائے جا رہے ہیں۔
سلمان احمد نے یہ بھی کہا کہ ہمارا گیت ’سیونی‘ اب تک برصغیر میں کئی مختلف انداز کے ساتھ کاپی کرکے گائے جانے والا گیت ہے۔
بھارتی فلمسازوں نے پاکستانی گلوکاروں کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے
خیال رہے کہ ٹی سیریز نے دو دن قبل ہی ʼسیونی‘ کے ریمیک کی ویڈیو جاری کی تھی، جسے اگرچہ اب تک 32 ل لاکھ 4 ہزار 3 سو سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے تاہم اس پر سخت تنقید کی جا رہی ہے۔ ’سیونی ‘کے ریمیک کو اسی نام سے بننے والی بھارتی فلم کا حصہ بنایا گیا ہے جو رومانٹک تھرلر فلم ہے۔گانے کا ریمیک جوئے انجن نے بنایا ہے تاہم اس کے باوجود گانے کی دھن پرانے پاکستانی گانے جیسے ہی رکھی گئی ہے۔
اگرچہ ٹی سیریز نے ریمیک کی ریلیز میں پاکستانی گانے اور جنون گروپ کو کریڈٹ دیا ہے تاہم اس کے باوجود ریمیک پر پاکستانیوں کے علاوہ بھارتی افراد بھی ٹی سیریز پر تنقید کر رہے ہیں-