گلگت بلتستان والو! پیپلزپارٹی کو مایوس نہ کرنا ‘ علی مدد جتک کی دہائی

کوئٹہ :گلگت بلتستان والو! پیپلزپارٹی کو مایوس نہ کرنا ‘ علی مدد جتک کی دہائی،اطلاعات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر میر علی مدد جتک نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی عوام آج پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو کامیابی سے ہمکنارکرے اور گلگت بلتستان میں حکومت پیپلزپارٹی بنائے گی ،

حکمران جماعت کی جانب سے انتخابات میں دھاندلی کی کوشش کی گئی تو پی پی الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنا دے گی ۔ اپنے جاری کردہ بیان میں میر علی مدد جتک نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی 2018کے عام انتخابات کی طرح دھاندلی کسی صورت قابل قبول نہیں کرے گی اگر عوام کی رائے کو تسلیم نہیں کیا گیا تو پاکستان پیپلزپارٹی دما دم مست قلندر کرے گی۔

علی مدد جتک نے کہا کہ گلگت بلتستان نے ہمیشہ جمہوری نظام کو پروان چڑھانے کے لئے جمہوری قوتوں اور خاص کر پیپلزپارٹی کو ترجیح دی ہے ۔ آج ہونے والے انتخابات میں گلگت بلتستان کی عوام اپنا حق رائے دہی استعمال کریں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ 2018کے عام انتخابات میں سلیکٹڈ اور نااہل حکومت کو عوام پر مسلط کیا گیا آج اس کے نتائج عوام بھگت رہی ہے ۔

پیپلزپارٹی رہنما نے کہا کہ ملک میں آٹے اور چینی کا مصنوعی بحران پیدا کرکے شوگر اور آٹا مافیا کو فائدہ پہنچایا گیا جبکہ غریب عوام دو وقت کی روٹی کے لئے ترس رہے ہیں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کی عوام پیپلزپارٹی کی قربانیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے تیر پر ٹھپہ لگا کر سلیکٹڈ کو شکست سے دوچار کرے ۔ اگر گلگت بلتستان کے انتخابات میں دھاندلی کی گئی تو پی پی پی جمہوری قوتوں کے ساتھ مل کر موجودہ حکومت کے خاتمے کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی ۔

Comments are closed.