کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے علماء کرام کی پنجاب حکومت کو بھرپور تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی
علماء کرام عوام کو معاملے کی سنگینی سے آگاہ کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔صوبائی وزیر اوقاف
وباء کی دوسری لہر پر قابو پانے کا حل ماسک پہننا، سماجی فاصلہ برقرار رکھنا اور اسلام کے رہنما اصولوں پر عمل ہے۔ چیف سیکرٹری
چیف سیکرٹری کی میرج ہالز ایسوسی ایشن کے وفد سے بھی ملاقات، شاد ی تقریبات میں ایس اوپیز پر عملدرآمد کرایا جائے، وفد سے گفتگو
لاہور تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے عوام میں شعور و آگاہی بڑھانے کیلئے مختلف مکاتب فکر کے علماء و مشائخ نے پنجاب حکومت کواپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے اور کہا ہے کہ مساجد اور منبر سے وباء کیخلاف جہاد جاری رہے گا۔
صوبائی وزیر اوقاف صاحبزادہ سید سعید الحسن اور چیف سیکرٹری پنجاب نے علماء کرام سے دربار ہال سول سیکرٹریٹ میں اہم ملاقات کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد کے سلسلے میں حکومت کو علماء کرام کا تعاون اور مشاورت درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وباء کی پہلی لہر کے دوران علماء کی رہنمائی اور تعاون کی بدولت وائرس پر قابو پانے میں مدد ملی جس کیلئے صوبائی حکومت شکر گزار ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی جانب سے ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے کیوجہ سے کورونا وائرس دوبارہ پھیل رہاہے، علماء کرام عوام کو معاملے کی سنگینی سے آگاہ کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں مسجد اور منبر کی بہت اہمیت ہے اور لوگ علماء کرام کی بات پر یقین اور عمل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام انسانی جان کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتا ہے، علماء کرام مساجد میں عبادات کے دوران ایس اوپیز پر عملدرآمد کیساتھ ساتھ لوگوں میں سماجی فاصلہ اور ماسک کے استعمال سے متعلق آگاہی بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ وباء کی دوسری لہر پر قابو پانے کا واحد حل ماسک پہننا، سماجی فاصلہ برقرار رکھنا اور اسلام کی جانب سے فراہم کردہ رہنما اصولوں پر عمل کرنا ہے۔
اجلاس کے اختتام پر ملک کی ترقی اور کورونا وائرس کی وباء سے محفوظ رہنے کیلئے اجتماعی دعا کی گئی۔ علماء کرام میں ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، مولانا سید عبد الخبیر آزاد، مولانا محمد علی نقشبندی، مولانا بدرالزمان قادری، مولانا محمد عارف سیالوی، مولانا غلام مہر علی، علامہ سجاد حسین، مولانا محمد احمد فریدی، مولانا نصیر احمد، مولانا عمران سجاد، مولانا ندیم قمر،مولانا عارف حسین، مولانا قاضی تجوید الدین اور مولانا ریاض احمد قادری شامل تھے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور محکمہ صحت کے سیکرٹریز بھی اس موقع پر موجود تھے۔
قبل ازیں،کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ایس اوپیز پر عملدرآمد کے سلسلے میں چیف سیکرٹری پنجاب نے سول سیکرٹریٹ میں میرج ہال ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق صوبائی حکومت کورونا وباء کی دوسری لہر کے دوران کاروبار اورمعیشت کو احتیاطی تدابیر کیساتھ رواں رکھنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے تاہم لوگوں کی صحت اورزندگیوں کے تحفظ کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وباء کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے اگلے دو ماہ نہایت اہم ہیں، میرج ہال مالکان ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اوپن ایئر شادی تقریبات میں ماسک کی پابندی، سماجی فاصلہ اور دیگر ایس اوپیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں،
انہوں نے کہا کہ حکومت مخصوص مقرر کردہ ڈیزائن کے ہواکی آمد و رفت کے مناسب انتظام والے میرج ہالز اور مارکیز میں شادی کی تقریبات کی اجازت دینے کیلئے سفارشات تیار کریگی۔ انہوں نے میرج ہالز ایسوسی ایشن کی شکایات کے بروقت ازالے کیلئے سیکرٹری انڈسٹریز کو ہدایات بھی جاری کیں۔ میرج ہالز ایسوسی ایشن کے وفد نے ایس اوپیز پر عملدرآمد کے سلسلے میں حکومت کو بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ حکومتی ہدایات کے مطابق شادی کی تقریبات میں احتیاطی تدابیر پر ہر صورت عمل کرایا جائے گا۔ وفد میں صدر آل پنجاب میرج ہالز ایسوی ایشن خالد ادریس، محمد عقیل، راؤ طارق اسلام، میاں الیاس، شاہد اسماعیل اور ملک محمد اشفاق شامل تھے۔