قصور: حضرت علامہ قاری محمد عامر سعیدی کا تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہنا ہے کہ خادم حسین رضویؒ سچے عاشق رسول اورختم نبوتؐ کے عظیم پہریدار تھے۔
باغی ٹی وی : خادم حسین رضویؒ سچے عاشق رسول اورختم نبوتؐ کے عظیم پہریدار تھے۔ انہوں نے 104بخار ہونے کے باوجود اسلام آباد پہنچ کر گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پرفرانس کیخلاف زبردست احتجاج کیا۔ ان خیالات کا اظہار حضرت علامہ قاری محمد عامر سعیدی نے نواحی گاؤں حویلی پاڈانیاں والی میں علامہ خادم حسین رضویؒ کے ساتویں کے ختم کے موقع پر خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ ناموس رسالتؐ کی خاطرخادم حسین رضویؒ نے اپنی زندگی وقف کر رکھی تھی اور انہوں نے تحریک لبیک کے پرچم تلے اکٹھا کرکے ختم نبوتؐ پر پہرہ دیا اور حکومت کے ساتھ مذاکرات ان کی بہت بڑی کامیابی اور طرہ امتیاز ہے۔لاکھوں افراد کی ان کے جنازہ میں شرکت خادم حسین رضویؒ کو اللہ اور اس کے رسولؐ کی طرف سے خاص کرم ہے کیونکہ خوش قسمت لوگوں کے جنازے اتنے بڑا ہوا کرتے ہیں جن کی ڈرون کیمرے بھی کوریج نہ کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ اب ان شاء اللہ اس ملک میں اسلامی دستور آنے والا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک میں ارشاد فرمایا کہ محبوب ہم نے آپ کے ذکر کو بلند کر دیا ہے۔ پیر مہر علی شاہ فرماتے ہیں کہ جو ختم نبوتؐ پر کام کرے گا نبی کریمؐ کا ہاتھ اس کی پشت پر ہوتا ہے۔
علامہ حافظ غلام مرتضیٰ نے کہا کہ خادم حسین رضویؒ نے نبی پاکؐ کی ناموس کی خاطر دن رات ایک کرکے اپنا لوہا منوایا اور ثابت کیا کہ وہ نبی کریمؐ کے سچے عاشق ہیں اورآج مولانا خادم حسین رضویؒ کا پیغام گھر گھر پہنچ چکا ہے اور اب ہر مسلمان مولانا خادم حسین رضویؒ جیسا عاشق رسول بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ دشمنان اسلام جان لیں کہ عاشقان رسول اتنی تعداد میں موجو د ہیں کہ ناموس رسالتؐ پر کبھی آنچ نہیں آنے دینگے۔آج پورا پاکستان ختم نبوتؐ زندہ باد کے نعرے لگا رہا ہے اوراسلام کے دشمنوں کو یہ واضح پیغام ہے کہ عاشقان رسول ناموس رسالتؐ کی خاطر اپنی جان کی قربانیاں دینے سے بھی دریغ نہیں کرینگے۔