متحدہ عرب امارات نے اسرائیلی شہریوں کے لیے ایک اور سہولت کا آغاز کردیا

باغی ٹی وی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات نے اسرائیلی شہریوں کو سیاحتی ویزوں کے اجرا کا آغاز کردیا ہے۔

یو اے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق ابوظبی میں وزارت خارجہ نے عبوری انتظام کے تحت اسرائیلی پاسپورٹ کے حاملین کو داخلے پر سیاحتی ویزوں کے اجرا کا اعلان کیا ہے۔

یو اے ای نے اسرائیل کے ساتھ دو طرفہ سمجھوتے کے تحت بغیر ویزا سفر پرعمل درآمد سے قبل یہ اقدام کیا ہے۔اس کے تحت اسرائیلی یو اےای میں آمد پر ویزے حاصل کرنے کے اہل ہوں گے جبکہ اسرائیل جانے والے اماراتیوں پر بھی یہی اصول لاگو ہوگا۔العربیہ کے مطابق وام نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ یو اے ای کے اس اقدام کا مقصد معاہدۂ ابراہیم کے تحت ریاست اسرائیل کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا ہے اور فی الوقت یو اے ای کا سفر کرنے والے اسرائیلیوں کو سہولت مہیا کرنا ہے۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل نے 13 اگست کو معمول کے دوطرفہ تعلقات کے قیام کا اعلان کیا تھا اور 15 ستمبر کو وائٹ ہاؤس میں دو طرفہ سفارتی اور تجارتی تعلقات استوار کرنے کے لیے تاریخی امن معاہدے پر دست خط کیے تھے۔

واضح رہے کہ یواے ای چوتھائی صدی کے بعد اسرائیل سے معمول کے تعلقات استوار کرنے والا تیسرا اور بحرین چوتھا ملک بن گیا ہے۔قبل ازیں عرب ممالک میں سے مصر اور اردن کے اسرائیل کے ساتھ مکمل سفارتی تعلقات استوار ہیں۔ مصر نے اسرائیل کے ساتھ 1979ء میں کیمپ ڈیوڈ میں امن معاہدہ طے کیا تھا۔اس کے بعد 1994ء میں اردن نے اسرائیل سے امن معاہدے کے بعد سفارتی تعلقات استوار کیے تھے۔

Shares: