وادی کالاش کا طویل ترین مذہبی تہوار چوموس رومبور وادی سے شروع ہوگیا ، یہ تہوار 7 دسمبر سے 22 دسمبر تک جاری رہے گا
چترال ،چترال میں کالاش قبیلے کے سالانہ سرمائی تہوار چترمس ( چوموس ) کا آغاز پیر اور منگل کی درمیانی شب وادی رمبور کے گاءوں بڑانگورو میں سرازری کی رسم کی آدا ئیگی کے ساتھ کیا گیا ۔ تہوار سرازری میں مقامی کالاش قبیلے کے مردو خواتین کے علاوہ بڑی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں نے شرکت کی ۔ سرازری کی رسم کے ساتھ تہوار کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ۔ جس میں حسب روایت کالاش مردو خواتین نے شرکت کی ۔ سرازری در اصل کالاش تہوار چو موس کی پہلی رسم ہے جس کے بعد مختلف رسوم دنوں کی مناسبت سے ادا کئے جاتے ہیں-





تہوار کے چند دن مخصوص ہوتے ہیں ۔ جس کے دوران باہر کے لوگوں کا گاءوں میں آنا جانا کسی سے ملنا مذہبی طور پر بند ہے ۔ اور خلاف ورزی کرنے والوں کو باقاعدہ طور پر جرمانہ کیا جاتا ہے ۔ اس لئے مقامی لوگ اس کا احترام کرتے ہیں ۔ لیکن اکثر اوقات سیاح ان مذہبی پابندیوں کو ان سنی کرکے مسائل کھڑے کر دیتے ہیں ۔ امسال کورونا وائرس کے پھیلنے کے خدشے کے باوجود سیاحوں کی بڑی تعداد چوموس فیسٹول میں شرکت کیلئے وادی کالاش پہنچ چکے ہیں ۔








