پنجاب کے سرکاری ریسٹ ہائوسز سیاحتی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں ابتدائی طور پر محکمہ آبپاشی اور پنجاب ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے درمیان اثاثوں کی منتقلی پر اتفاق ہوا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ اریگیشن کے آفس میں مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے گئے۔

تقریب میں مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے ٹورازم اینڈ پی ایچ ایز و چیئرمین پی ایچ اے راولپنڈی آصف محمود اور وزیر آبپاشی پنجاب سردار محسن خان لغاری بھی شرکت کی۔

ایم او یو پر ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب (ٹی ڈی سی پی) کی طرف سے جنرل مینجر آپریشنز عاصم رضا جبکہ اریگیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے چیف انجنئیر شیخ معین نے دستخط کئے۔ اس موقع پر سیکرٹری اریگیشن سیف انجم، سیکرٹری ٹورازم احسان اللہ بھٹہ اور ایم ڈی ٹی ڈی سی پی تنویر جبار بھی موجود تھے۔
اس پلان کے تحت وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سمال ڈیمز پر موجود اریگیشن ریسٹ ہاوسز کو عوام کیلئے کھولا جائے گا اور وہ ٹی ڈی سی پی کے توسط سے ریسٹ ہائوسز کی بکنگ کرا سکیں گے۔

تقریب سے خطاب میں مشیر سیاحت آصف محمود نے کہا کہ ٹی ڈی سی پی محکمہ آبپاشی کے ریسٹ ہائوسز کی بکنگ کرسکے گی۔ پنجاب میں سرکاری ریسٹ ہاوئسز کا بڑا نیٹ ورک موجود ہے۔ ماضی میں صرف سرکاری افسران یہ ریسٹ ہائوس استعمال کرتے تھے۔ اکثر ریسٹ ہائوسز زیادہ تر خالی رہتے ہیں۔ پنجاب حکومت نے تمام ریسٹ ہائوسز کا بہتر استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ اریگیشن اور محکمہ سیاحت میں ایم او یو اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ ریسٹ ہاؤسز عوام کیلئے کھولا جانا خوش آئند ہے۔

Shares: