پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عمران عباس ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک سے متعلق رائے دینے سے انکار کرتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا-
سوشل میڈیا پر زیادہ متحرک رہنے والے اور مختلف سرگرمیوں کے ذریعے اپنے مداحوں سے رابطے میں رہنے والے ہردلعزیز اداکار عمران عباس نے گزشتہ روز فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر سوال و جواب کا ایک سیشن رکھا۔
اس سیشن کے دوران عمران عباس کے مداحوں نے اُن سے مختلف سوالات کیے جن کے اداکار نے دلچسپ جواب دیئے-
صارف نے عمران عباس سے سوال کیا کہ آپ ٹک ٹاک استعمال کرتے ہیں اور اس ایپ کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے؟
اس سوال کے جواب میں عمران عباس نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’میں ٹک ٹاک استعمال نہیں کرتا ہوں۔‘
عمران عباس نے ہاتھ جوڑنے والے ایموجی کا استعمال کرتے ہوئے کہا کہ ’مہربانی کرکے مجھ سے اس ایپ کے بارے میں میری رائے نہ پوچھیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے ٹک ٹاک پر پابندی لگائی گئی تھی جس کے باعث جہاں بہت سے لوگ غم و غصے کا اظہار کر رہے تھے تو وہیں کچھ لوگ اس پر خوشی بھی محسوس کر رہےتھےان لوگوں میں عمران عباس بھی شامل تھے جنہوں نے ٹک ٹاک پر پابندی کو خوش آئند قرار دیا تھا۔