رائل پام ٹیم گالف چیمپئن شپ کا ٹائٹل لاہور جمخانہ نے اپنے نام کر لیا

0
77

لاہور:رائل پام ٹیم گالف چیمپئن شپ کا ٹائٹل لاہور جمخانہ نے اپنے نام کر لیا، مردوں کے گروس مقابلوں میں حسین حامد جبکہ نیٹ میں محسن ظفر چیمپئن بننے میں کامیاب رہے، خواتین کے گروس مقابلوں میں پرکھا اعجاز جبکہ نیٹ کیٹگری میںلائبہ شاہ فاتح رہیں۔

تفصیلات کے مطابق رائل پام اینڈکنٹری کلب میں تین روزہ رائل پام ٹیم گالف چیمپئن شپ اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی، قومی ایونٹ میں100 سے زائد مردوں خواتین گالفرز نے حصہ لیا، تیمور مبشر، احسن خواجہ، قاسم علی خان اور سلمان جہانگیر پر مشتمل لاہور جمخانہ ٹیم ٹرافی اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی،

رائل پام اینڈ گالف کنٹری کلب کے شاہد عباس، عمر سلامت، حسین حامد اور دامل عطاءاللہ نے دوسری پوزیشن حاصل کی، گیریژن کلب کی ٹیم کرنل رستم علی، طارق محمود، احمد سلطان کیانی اور نعمان الیاس پر مشتمل تھی، یہ ٹیم تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔مردوں کے گروس مقابلوں میں رائل پام کلب کے حسین حامد فاتح رہے،

لاہور جمخانہ کے سلمان جہانگیر اور قاسم علی خان نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ نیٹ مقابلوں میں جمخانہ کے محسن ظفر چیمپئن بننے میں کامیاب رہے، گیریژن کے نعمان الیاس اور راشد اکبر بالترتیب دوسرے اور تیسرے ن نمبروں پر رہے۔ خواتین کے گروس مقابلوں میں رایا کی پرکھا اعجاز فاتح رہیں،

اسی کلب کی رمشا اعجاز نے دوسری اور پی اے ایف کی سنیا اسامہ تیسرے نمبر پر رہیں،نیٹ گرلز میں لائبہ شاہ چیمپئن بننے میں کامیاب رہیں، گیریژن کی بشری فاطمہ نے دوسری اور پی اے ایف کی شہناز معین نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح لیڈیز پٹنگ نیٹ میں مینا زینب اور گروس کیٹگری کی فاتح لائبہ شاہ رہیں۔

جونیئر نیٹ انڈر13 کے نیٹ فاتح رائل پام کے میاں روحان، جونیئر انڈر اٹھارہ کے رائل پام کے میاں محب فاتح رہے۔اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی سیکرٹری ریلویز حبیب الرحمن گیلانی نے فاتح گالفرز میں انعامات تقسیم کئے، اس موقع پر سیکرٹری زراعت اسدالرحمن گیلانی، جسٹس عابد عزیز شیخ، مینازینب، احمد اقبال اور شاہد ریاض گوندل بھی موجود تھے۔

اختتامی تقریب کے موقع پر اپنے خطاب میں وفاقی سیکرٹری ریلویز حبیب الرحمن گیلانی کا کہنا تھا کہ رائل پام اینڈ کنٹری کلب بڑا بارونق کلب ہے، خوشی ہے کہ یہاں پر باقاعدگی کے ساتھ ایونٹس ہو رہے ہیں، جب کلب کو ہم نے سنبھالا تو چیلنج کے طور اس کی ذمہ داری سنبھالی، سب کو فری ہینڈ دیا، کوشش کی کسی بھی ممبر کو کوئی شکایت نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ ہم کلب میں مزید بہتری لانے کے لئے کوشاں ہیں ، گالف چیمپئن شپ کے فاتح کھلاڑی مبارکباد کے مستحق ہیں، ہم مستقبل میں بھی زیادہ سے زیادہ اس طرح کے ایونٹس کروانے کی کوشش کریں گے۔

Leave a reply