کراچی:عالمی معیشت میں ہونے والی تبدیلیوں کی وجہ سے دنیا بھر میں سونے کی قیمتوں میںکبھی اضافہ تو کبھی کمی کی خبروں سے صارفین پریشان رہتے ہیںلیکن فی الحال آج پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں کمی ہونا شروع ہوگئی ہے. عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی نے پاکستان میں بھی سونا سستا کر دیا، فی تولہ قیمت آٹھ سو روپے کم ہو گئی۔
کراچی سے سندھ صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت آٹھ سو روپے کی کمی سے تراسی ہزار تین سو روپے رہ گئی۔ دس گرام سونا چھ سو پچاسی روپے کی کمی سے اکہتر ہزار چار سو روپے کا ہو گیا جبکہ 22 کیرٹ سونے کی قیمت پینسٹھ ہزار چار سو پچاس روپے فی دس گرام ہو گئی۔ عالمی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی فی اونس قیمت میں تیرہ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی۔